November 11, 2026

سرویکل کینسر سے بچاؤ کی قومی ویکسینیشن مہم کا آغاز۔

IMG-20261111-WA0115

سرویکل کینسر سے بچاؤ کی قومی ویکسینیشن مہم کا آغاز۔

اپنی بچیوں کی صحت اور محفوظ مستقبل کے لیے اس مہم میں بھرپور حصہ لیں۔ڈاکٹر عادل خان

چارسدہ(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق خیبر پختونخوا میں سرویکل کینسر (بچہ دانی کے منہ کے کینسر) سے بچاؤ کے لیے جاری خصوصی حفاظتی ٹیکہ جات مہم کے تحت آج 11 نومبر 2026 کو وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال راجڑ چارسدہ میں پہلی 10 سالہ بچی کو HPV ویکسین لگائی گئی۔اس موقع پر ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عادل خان نے خود پہلی بچی کو سرویکل کینسر سے بچاؤ کا حفاظتی ٹیکہ لگا کر اس اہم مہم کا آغاز کیا۔یہ خصوصی ویکسینیشن مہم 11 نومبر سے 24 نومبر 2026 تک جاری رہے گی، جس کا بنیادی مقصد بچیوں کو مستقبل میں سرویکل کینسر جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھنا اور والدین و عوام میں اس بیماری سے بچاؤ کے حوالے سے شعور و آگاہی پیدا کرنا ہے۔HPV ویکسین سرویکل کینسر کا سبب بننے والے انسانی پیپیلوما وائرس (HPV) کی مخصوص اقسام سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔ ماہرینِ صحت کے مطابق یہ ویکسین محفوظ اور مؤثر ہے اور سرویکل کینسر سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر عادل خان نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنی بچیوں کی صحت اور محفوظ مستقبل کے لیے اس مہم میں بھرپور حصہ لیں اور مستند طبی رہنمائی کے مطابق اہل بچیوں کو حفاظتی ٹیکہ ضرور لگوائیں۔ڈاکٹر عادل خان نے کہا کہ بروقت ویکسینیشن ہماری بیٹیوں کو ایک محفوظ اور صحت مند مستقبل دینے کی جانب اہم قدم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اپنی بیٹیوں کو سرویکل کینسر سے بچائیں، ان کا مستقبل محفوظ بنائیں۔