November 11, 2026

میلسی تا ٹھینگی روڈ زبوں حالی کا شکار، سڑک کے کناروں پر گہرے گڑھے اور زمین کا کٹاؤ، کسی بڑے حادثے کا خدشہ۔

Screenshot_2026-11-11_080744.542

میلسی تا ٹھینگی روڈ زبوں حالی کا شکار، سڑک کے کناروں پر گہرے گڑھے اور زمین کا کٹاؤ، کسی بڑے حادثے کا خدشہ۔

میلسی(محمدمختارسولگی)روڈ زبوں حالی کا شکار، سڑک کے کناروں پر گہرے گڑھے اور زمین کا کٹاؤ، کسی بڑے حادثے کا خدشہ.
شہریوں کا محکمہ ہائی وے کے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیل کے مطاطق میلسی سے ٹھینگی جانے والی اہم شاہراہ کی حالت انتہائی تشویشناک ہو چکی ہے۔ راستے میں آنے والے علاقوں شیرگڑھ اور سرگانہ سمیت متعدد دیہات کے شہریوں کو روزانہ اسی سڑک سے گزرنا پڑتا ہے، مگر سڑک کے کناروں پر جگہ جگہ بڑے بڑے گڑھے، زمین کا کٹاؤ اور مٹی دھنسنے کے باعث عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
تصاویر میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ سڑک کے کنارے کئی مقامات پر زمین اندر سے کھوکھلی ہو چکی ہے، جبکہ بعض مقامات پر گہرے شگاف پڑ چکے ہیں۔ سڑک کے کنارے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، جو موٹر سائیکل سواروں، مسافر گاڑیوں اور دیگر ٹریفک کے لیے کسی بھی وقت خطرناک حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔اہل علاقہ کے مطابق یہ شاہراہ روزانہ سینکڑوں شہریوں، طلبہ، مریضوں اور مسافروں کے زیر استعمال رہتی ہے۔ اگر بروقت مرمت اور حفاظتی اقدامات نہ کیے گئے تو صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔
عوامی حلقوں نے ایس ڈی او ہائی وے، ایکسین ہائی وے (XEN)، متعلقہ سب انجینئر اور دیگر ذمہ دار محکمہ جاتی ملازمین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ موقع کا فوری معائنہ کریں اور سڑک کی موجودہ صورتحال کا نوٹس لیں۔
عوامی مطالبہ ہے کہ متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے سڑک کے متاثرہ کناروں کی فوری مرمت، گڑھوں کی مناسب بھرائی، مضبوط حفاظتی پشتوں کی تعمیر اور خطرناک مقامات پر حفاظتی نشانات نصب کروائیں۔
اہل علاقہ نے ڈپٹی کمشنر وہاڑی، اسسٹنٹ کمشنر میلسی اور محکمہ ہائی وے کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ میلسی تا ٹھینگی روڈ کی فوری انسپکشن کروائی جائے اور متعلقہ افسران سے رپورٹ طلب کرکے عملی اقدامات یقینی بنائے جائیں، تاکہ کسی بڑے حادثے سے پہلے عوام کی قیمتی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔