گورنمنٹ پرائمری سکول مصباح العلوم میں دہائیوں پرانا خستہ حال درخت بچوں کے لیے خطرہ بن گیا.
گورنمنٹ پرائمری سکول مصباح العلوم میں دہائیوں پرانا خستہ حال درخت بچوں کے لیے خطرہ بن گیا.
میلسی(محمدمختارسولگی)دہائیوں پرانا خستہ حال درخت بچوں کے لیے خطرہ. نیچے سے اینٹیں اور بنیادیں اکھڑ چکیں۔کسی بھی وقت درخت کے گرنے یا شاخیں ٹوٹنے سے معصوم بچوں کی جانوں کے ضیاع کا خدشہ۔ سکول کی عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ۔ تفصیل کے مطابق پکا بازار میلسی میں واقع گورنمنٹ پرائمری سکول مصباح العلوم کی عمارت سے متصل دہائیوں پرانا اور انتہائی خستہ حال درخت کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔ معصوم بچوں کی جان و مال کی حفاظت کے پیش نظر اہل علاقہ اور والدیں نے اعلیٰ حکام سے فوری اقدام کا مطالبہ کر دیا ہے۔
عمارت اور بچوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں،
مقامی شہریوں اور بچوں کے والدین کے مطابق سکول کے صحن میں موجود یہ قدیم درخت جڑوں سے کھوکھلا ہو رہا ہے اور اس کے نیچے سے اینٹیں اور بنیادیں اکھڑ چکی ہیں۔ درخت کی بھاری اور بوجھل شاخیں نہ صرف سکول کی چھت اور دیواروں پر جھکی ہوئی ہیں بلکہ بجلی کی تاروں اور ارد گرد کے بجلی کے نظام سے بھی الجھی ہوئی ہیں۔
اس سکول میں نرسری سے پرائمری کلاسوں کے چھوٹے چھوٹے معصوم بچے زیر تعلیم ہیں۔ تعلیمی اوقات کے دوران بچے صحن اور اطراف میں کھیلتے اور پڑھتے ہیں، جس کے باعث کسی بھی وقت درخت کے گرنے یا شاخیں ٹوٹنے سے معصوم بچوں کی جانوں کا ضیاع ہو سکتا ہے اور سکول کی عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
اہل علاقہ، اساتذہ اور بچوں کے والدین نے ڈپٹی کمشنر وہاڑی، اسسٹنٹ کمشنر میلسی، ایجوکیشن اتھارٹی اور میونسپل کمیٹی کے اعلیٰ حکام سے پرزور اپیل کی ہے کہ اس سنگین اور تشویشناک صورتحال کا فی الفور نوٹس لیا جائے،
ان کا کہنا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے یا جانی نقصان سے پہلے اس پرانے اور خطرناک درخت کو فوری طور پر محفوظ طریقے سے کٹوا کر یہاں سے ہٹایا جائے تاکہ بچے خوف کے بغیر اپنی تعلیم حاصل کر سکیں۔