خوشاب (راجہ نورالٰہی عاطف سے) ضلع خوشاب کے ایک اور قابلِ فخر سپوت ملک غضنفر وڈھل ٹوانہ نے بین الاقوامی علمی و تحقیقی میدان میں نمایاں
خوشاب (راجہ نورالٰہی عاطف سے) ضلع خوشاب کے ایک اور قابلِ فخر سپوت ملک غضنفر وڈھل ٹوانہ نے بین الاقوامی علمی و تحقیقی میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کر دیا۔ ان کی اہم تحقیقی کاوش پانچ ممالک میں خواتین کی سیاسی شرکت، درپیش مسائل، مشکلات اور مستقبل کے امکانات کے موضوع پر کینیڈا کے معروف عالمی ادارے کامن ویلتھ آف لرننگ نے شائع کر دی ہے۔
ملک غضنفر وڈھل ٹوانہ کی اس بین الاقوامی تحقیق کا عنوان ’’خواتین کی سیاسی شرکت کا دائرۂ کار: موجودہ صورتِ حال، مسائل اور مستقبل کے امکانات‘‘ ہے۔ یہ تحقیق بنگلہ دیش، ملاوی، موزمبیق، پاکستان اور سری لنکا میں خواتین کی سیاسی شرکت کا تقابلی جائزہ پیش کرتی ہے، جس میں خواتین کو سیاسی عمل میں درپیش رکاوٹوں، مشکلات اور ان کے مؤثر حل کے امکانات پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ہے۔
ملک غضنفر وڈھل ٹوانہ کے مطابق ان کے لیے یہ امر باعثِ اعزاز ہے کہ وہ پاکستان سے اس نوعیت کی پانچ ملکی تقابلی تحقیق کرنے والے پہلے پاکستانی محقق ہیں۔ اس تحقیقی منصوبے کے دوران انہوں نے پانچوں ممالک کی خواتین سیاسی نمائندگان اور متعلقہ انتخابی اداروں کے حکام کے تفصیلی انٹرویوز کیے، جبکہ ان ممالک کے آئین، انتخابی قوانین اور خواتین کی سیاسی عمل میں شمولیت سے متعلق دستیاب تحقیقی مواد کا بھی جامع مطالعہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس تحقیق کا بنیادی مقصد مختلف ممالک کے تجربات اور انتخابی نظاموں کا تقابلی جائزہ لے کر یہ جاننا ہے کہ خواتین کی مؤثر اور بامعنی سیاسی شرکت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو کس طرح دور کیا جا سکتا ہے۔ انہیں امید ہے کہ یہ تحقیقی مطالعہ پالیسی سازوں، محققین، جمہوری اداروں اور سول سوسائٹی کے لیے نئی بصیرت، علمی رہنمائی اور مستقبل کی مؤثر حکمتِ عملی مرتب کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
ملک غضنفر وڈھل ٹوانہ نے اپنی اس علمی کامیابی کے سلسلے میں کامن ویلتھ آف لرننگ، کینیڈا اور تمام متعلقہ افراد کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم تحقیقی کاوش کی تکمیل میں فراہم کردہ تعاون، اعتماد اور رہنمائی ان کے لیے قابلِ قدر سرمایہ ہے۔
دریں اثنا سابق رکن قومی اسمبلی ملک محمد احسان اللہ خان ٹوانہ نے اس بین الاقوامی کامیابی پر دلی مسرت اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے لیے انتہائی خوشی اور اعزاز کی بات ہے کہ ہماری دھرتی کے قابلِ فخر سپوت ملک محمد غضنفر وڈھل کی تحقیقی کاوش کو کینیڈا کے عالمی علمی ادارے کامن ویلتھ آف لرننگ نے شائع کیا ہے۔ انہوں نے ملک غضنفر وڈھل ٹوانہ کو اس شاندار علمی کامیابی پر دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل، مزید علمی و تحقیقی کامیابیوں اور ملک و قوم کا نام عالمی سطح پر بلند کرنے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ملک غضنفر وڈھل ٹوانہ کی اس قابلِ تحسین کامیابی پر ضلع خوشاب کے عوامی، سماجی، تعلیمی، ادبی اور صحافتی حلقوں نے بھی خوشی اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے پورے ضلع کے لیے باعثِ فخر قرار دیا ہے۔ ان حلقوں کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستانی محققین کی ایسی علمی و تحقیقی خدمات نہ صرف ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرتی ہیں بلکہ نوجوان نسل کے لیے بھی تحقیق، علم اور جستجو کے میدان میں آگے بڑھنے کا حوصلہ پیدا کرتی ہیں۔