پاکستان کی سینئر سفارت کار اور سابق سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے ترکیہ میں پاکستان کی سفیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
پاکستان کی سینئر سفارت کار اور سابق سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے ترکیہ میں پاکستان کی سفیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
سینئر سفارت کار آمنہ بلوچ انقرہ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی پہلی خاتون سفیر بن گئی ہیں۔
استنبول(انٹرنیشنل ڈیسک)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق پاکستان کی سینئر سفارت کار اور سابق سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے ترکیہ میں پاکستان کی سفیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ وہ انقرہ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی پہلی خاتون سفیر بن گئی ہیں۔تین دہائیوں سے زائد سفارتی تجربہ رکھنے والی آمنہ بلوچ نے 1991 میں پاکستان کی فارن سروس میں شمولیت اختیار کی۔ انہوں نے تاریخ اور بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کی ڈگریاں حاصل کر رکھی ہیں۔
اپنے سفارتی کیریئر کے دوران انہوں نے کوپن ہیگن اور کولمبو میں پاکستانی سفارتی مشنز میں خدمات انجام دیں، جبکہ چین کے شہر چینگدو میں قونصل جنرل بھی رہیں۔ وہ 2019 سے 2023 تک ملائیشیا میں پاکستان کی ہائی کمشنر اور 2023 سے 2024 تک بیلجیئم میں پاکستانی سفیر کے طور پر فرائض انجام دیتی رہیں۔آمنہ بلوچ پاکستان کی 33ویں سیکرٹری خارجہ بھی رہ چکی ہیں۔ انہوں نے 2024 سے 2026 تک وزارت خارجہ کی سربراہی کی اور اہم علاقائی و عالمی سفارتی معاملات میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ معرکۂ حق کے دوران ان کی سفارتی خدمات کو بھی سراہا گیا، جبکہ یومِ آزادی 2025 کے موقع پر وزیراعظم نے انہیں ستارۂ امتیاز سے نوازا۔
ترکیہ میں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد آمنہ بلوچ نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی دوستی، باہمی اعتماد اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کثیرالجہتی شراکت داری کو وسعت دینا ان کی ترجیحات میں شامل ہوگا۔
انہوں نے اہم سفارتی ذمہ داری سونپنے پر وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے اپنے لیے اعزاز قرار دیا اور ملک کی خدمت دیانت داری اور لگن سے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی آمنہ بلوچ کی سفارتی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں نئی ذمہ داریوں پر نیک خواہشات پیش کیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی ان کی تقرری پر مبارک باد دی اور بطور سیکرٹری خارجہ ان کی خدمات کو سراہا۔
آمنہ بلوچ کی ترکیہ میں بطور پہلی پاکستانی خاتون سفیر تعیناتی کو ملک کی سفارتی تاریخ میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔