October 24, 2026

طبی عملے کی حاضری یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات، حاضری کا شفاف نظام بنانے کی ہدایت.

IMG-20261024-WA0107

طبی عملے کی حاضری یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات، حاضری کا شفاف نظام بنانے کی ہدایت.

سرکاری ہسپتالوں اور صحت مراکز میں تعینات تمام عملہ اپنی حاضری ہر صورت یقینی بنائے۔ممبر ایڈوائزری کونسل برائے صحت لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نگار جوہر

پشاور(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق ممبر ایڈوائزری کونسل برائے صحت، لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) نگار جوہر کی زیرِ صدارت انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ (آئی ایم یو) کa اجلاس ہوا۔ جس میں شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صحت کے شعبے میں نظم و ضبط، شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ عوام کو بہتر اور بروقت علاج کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اجلاس میں صحت کی سہولیات کی کارکردگی، طبی عملے کی حاضری اور نگرانی کے نظام کو مؤثر بنانے کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ممبر ایڈوائزری کونسل برائے صحت نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں اور صحت مراکز میں تعینات تمام عملہ اپنی حاضری ہر صورت یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو علاج معالجے کی معیاری سہولیات کی فراہمی اسی وقت ممکن ہے جب تمام عملہ اپنی ذمہ داریاں بروقت اور مکمل طور پر ادا کرے، اور ڈیوٹی سے غیر حاضری کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
اجلاس میں پسماندہ اور دیہی علاقوں کی صحت کی سہولیات پر خصوصی توجہ دی گئی۔ ممبر ایڈوائزری کونسل برائے صحت نے ہدایت کی کہ ان علاقوں میں عملے کی 95 فیصد حاضری کو لازمی قرار دیا جائے تاکہ دور دراز کے مکینوں کو علاج کے لیے شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے اور انہیں اپنے علاقے میں ہی بروقت طبی سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حاضری کے لیے ایک باقاعدہ اور مؤثر میکنزم تشکیل دیا جائے، جس کے ذریعے عملے کی حاضری کی درست اور شفاف نگرانی ممکن ہو سکے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) اور تحصیل ہیڈکوارٹر (بی ایچ کیو) ہسپتالوں سمیت تمام صحت کی سہولیات کا حاضری ریکارڈ انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کے ساتھ منسلک کیا جائے، تاکہ ہر ہسپتال کی حاضری کی صورتحال واضح طور پر سامنے آ سکے اور کارکردگی کا درست جائزہ لیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریکارڈ کی مرکزی نگرانی سے احتساب کا عمل مضبوط ہوگا، غیر حاضری کی نشاندہی آسان ہوگی اور بروقت کارروائی ممکن ہو سکے گی۔