سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے )چیئرمین تعلیمی بورڈ سرگودھا حیدر عباس گوندل سے ڈائریکٹر انفارمیشن سرگودھا ڈویژن احمد نعیم ملک نے ملاقات کی اور انہیں اپنی تحقیقی کتاب ’’تاریخِ سکندر کا
سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے )چیئرمین تعلیمی بورڈ سرگودھا حیدر عباس گوندل سے ڈائریکٹر انفارمیشن سرگودھا ڈویژن احمد نعیم ملک نے ملاقات کی اور انہیں اپنی تحقیقی کتاب ’’تاریخِ سکندر کا گمشدہ باب‘‘ پیش کی۔ چیئرمین تعلیمی بورڈ نے کتاب کی تیاری کے لیے دس سالہ مسلسل تحقیق اور محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں، جب انفارمیشن ٹیکنالوجی نے علم و معلومات تک رسائی کو آسان بنا دیا ہے، تاریخی موضوع پر اس قدر تفصیلی تحقیق کرنا ایک قابلِ قدر علمی کاوش ہے۔ ایسی کتابیں نہ صرف ہمارے ماضی کو سمجھنے میں مدد دیتی ہیں بلکہ مستقبل کے محققین کے لیے بھی تحقیق کے نئے راستے کھولتی ہیں۔
چیئرمین تعلیمی بورڈ حیدر عباس گوندل نے کہا کہ نوجوان نسل کو اپنی تاریخ، تہذیب اور ثقافتی ورثے سے آگاہ کرنا انتہائی ضروری ہے۔ اساتذہ کرام کو چاہیے کہ وہ طلبہ میں تاریخ کے مطالعے کا شوق پیدا کریں اور انہیں اپنی سرزمین کے تاریخی پس منظر سے روشناس کرائیں۔ انہوں نے اساتذہ اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ’’تاریخِ سکندر کا گمشدہ باب‘‘ جیسی تحقیقی کتابوں کا مطالعہ کریں تاکہ مقامی تاریخ کے بارے میں ان کی معلومات میں اضافہ ہو اور تحقیق و جستجو کا رجحان فروغ پائے۔انہوں نے نعیم ملک کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرکاری ذمہ داریوں کی ادائیگی کے ساتھ مسلسل دس سال تک تحقیق کرنا اور اسے کتابی شکل میں محفوظ کرنا قابلِ تحسین ہے۔ شعبہ تعلقاتِ عامہ کی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے ایسی علمی و تحقیقی سرگرمیوں کے لیے وقت نکالنا اور تاریخی مواد کو مرتب کرکے آئندہ نسلوں تک پہنچانا ایک قابلِ قدر خدمت ہے۔ انہوں نے نعیم ملک کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ کتاب تاریخ کے طلبہ، اساتذہ اور محققین کے لیے مفید ثابت ہوگی اور مقامی تاریخ پر مزید تحقیق کی حوصلہ افزائی کرے گی۔