11

ملک عمار ناظم گجر — خدمت، شائستگی اور خوش اخلاقی کی روشن مثال خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف

ملک عمار ناظم گجر — خدمت، شائستگی اور خوش اخلاقی کی روشن مثال

خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف

کسی بھی معاشرے کی حقیقی ترقی صرف جدید عمارتوں، بڑی شاہراہوں یا معاشی اشاریوں سے نہیں ناپی جاتی بلکہ اس کا اصل معیار وہ باکردار، بااخلاق اور فرض شناس افراد ہوتے ہیں جو اپنے منصب کو عوامی خدمت کا ذریعہ بناتے ہیں۔ ایسے لوگ اپنی خوش اخلاقی، دیانت داری اور بہترین کردار کے باعث معاشرے میں عزت و احترام حاصل کرتے ہیں۔ ضلع خوشاب کی سرزمین بھی ایسی ہی باوقار شخصیات سے مالا مال ہے جنہوں نے اپنی صلاحیتوں اور اعلیٰ اخلاقی اقدار سے لوگوں کے دل جیتے ہیں۔ انہی نمایاں شخصیات میں بینک الحبیب جوہرآباد کے آپریشن مینیجر ملک عمار ناظم گجر کا نام نہایت احترام سے لیا جاتا ہے۔
ملک عمار ناظم گجر ایک نہایت ہردلعزیز، پروقار، بردبار، ملنسار، خوش گفتار، ہنس مکھ، خوش اخلاق، خوش لباس اور معاملہ فہم شخصیت کے مالک ہیں۔ وہ اپنے پیشہ ورانہ فرائض کو نہ صرف پوری ذمہ داری سے انجام دیتے ہیں بلکہ ہر آنے والے سائل کے ساتھ خندہ پیشانی، محبت اور احترام سے پیش آتے ہیں۔ یہی خوبیاں انہیں اپنے شعبے میں ممتاز مقام عطا کرتی ہیں۔
ملک عمار ناظم گجر کو ایک باوقار اور معزز خاندانی پس منظر بھی حاصل ہے۔ وہ فخرِ خوشاب، معروف سماجی شخصیت ملک ناظم علی گجر کے صاحبزادے، جسٹس (ریٹائرڈ) جناب کاظم علی ملک کے بھتیجے اور سابق مشیرِ وزیراعلیٰ پنجاب، ہردلعزیز نوجوان قانون دان ملک امجد رضا گجر کے کزن ہیں۔ اس معزز خاندان نے ہمیشہ خدمت، شرافت اور دیانت داری کی روایات کو فروغ دیا ہے، اور ملک عمار ناظم گجر بھی انہی روایات کے امین دکھائی دیتے ہیں۔ ملک عمار ناظم گجر کا آبائی علاقہ نورپور تھل ہے ۔ آپ یہاں کی معروف معزز زمیندارگجر فیملی کے قابل فخر سپوت ہیں۔
یہ حقیقت کسی سے پوشیدہ نہیں کہ انسان کی شخصیت کی تعمیر میں والدین کی بہترین تربیت بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ ملک عمار ناظم گجر کی شخصیت میں شائستگی، انکساری، تحمل اور خدمتِ خلق کا جذبہ اسی اعلیٰ تربیت کا مظہر ہے۔ وہ اپنے بزرگوں کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے عوامی خدمت کو عبادت سمجھتے ہیں اور لوگوں کے مسائل کے حل میں ہمیشہ بھرپور تعاون کرتے ہیں۔ ان کے چہرے کی مسکراہٹ، نرم لہجہ اور مثبت رویہ ہر ملنے والے پر خوشگوار تاثر چھوڑتا ہے۔
بینکاری کا شعبہ انتہائی ذمہ داری، دیانت داری اور صبر و تحمل کا متقاضی ہوتا ہے۔ اس میدان میں کامیاب وہی افراد ہوتے ہیں جو پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ بہترین اخلاقی اوصاف بھی رکھتے ہوں۔ ملک عمار ناظم گجر نے اپنی محنت، قابلیت اور حسنِ سلوک سے نہ صرف اپنے ادارے کا وقار بلند کیا بلکہ صارفین کا اعتماد بھی حاصل کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ جوہرآباد اور ضلع خوشاب میں عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔
آج کے دور میں جہاں مادہ پرستی اور خود غرضی کے رجحانات بڑھ رہے ہیں، وہاں ایسے نوجوان افسران معاشرے کے لیے امید کی کرن ہیں جو اپنی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ انسانیت کی خدمت کو بھی مقدم رکھتے ہیں۔ ملک عمار ناظم گجر انہی شخصیات میں شامل ہیں جو اپنے کردار اور عمل سے نوجوان نسل کے لیے ایک مثبت مثال قائم کر رہے ہیں۔
ان دنوں ملک عمار ناظم گجر کی سالگرہ کی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ یہ موقع ان کے اہلِ خانہ، دوستوں، عزیز و اقارب، ساتھیوں اور چاہنے والوں کے لیے خوشی کا باعث ہے۔ ہم بھی انہیں دل کی گہرائیوں سے سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہیں کہ وہ انہیں صحتِ کاملہ، درازیٔ عمر، مزید عزت، کامیابی، خوشحالی اور خدمتِ خلق کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ انہیں اپنے والدین اور خاندان کا نام مزید روشن کرنے، اپنے ادارے کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے اور ہمیشہ اسی خلوص، محبت اور خوش اخلاقی کے ساتھ انسانیت کی خدمت جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔
آمین یا رب العالمین۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں