17

سکھر: محکمہ جنگلات کا روہڑی میں بڑا کریک ڈاؤن، 11 غیر قانونی آرا مشینیں سیل

سکھر: محکمہ جنگلات کا روہڑی میں بڑا کریک ڈاؤن، 11 غیر قانونی آرا مشینیں سیل

سکھر (بیورو رپورٹ سید نصیر حسین زیدی خبر دے رھے ھیں): سندھ ہائی کورٹ بینچ سکھر کی آئینی درخواست نمبر 1688 آف 2021 میں جاری کردہ احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے محکمہ جنگلات سکھر نے تعلقہ روہڑی کے علاقوں درا واہن، روہڑی اور کندھرا میں غیر قانونی آرا مشینوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کیا، جس کے دوران 11 غیر قانونی آرا مشینیں سیل کر دی گئیں
کارروائی کی قیادت ڈویژنل فارسٹ آفیسر (ڈی ایف او) سکھر ضیاء اللہ لغاری نے کی، جبکہ ان کے ہمراہ رینج فارسٹ آفیسر سکھر احسن علی برڑو، رینج فارسٹ آفیسر روہڑی سعید احمد کھوسو اور محکمہ جنگلات کا عملہ بھی موجود تھا۔ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور آپریشن کے دوران سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ایس ایس پی سکھر کی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ کندھرا نے پولیس نفری بھی فراہم کی۔
اس موقع پر ڈی ایف او ضیاء اللہ لغاری نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق غیر قانونی اور غیر رجسٹرڈ آرا مشینوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق ہر آرا مشین کے مالک کے لیے محکمہ جنگلات سکھر کے دفتر سے لائسنس حاصل کرنا لازمی ہے۔ محکمہ کو درا واہن، کندھرا اور روہڑی میں غیر قانونی آرا مشینیں چلنے کی شکایات موصول ہوئی تھیں، جن پر فوری کارروائی کرتے ہوئے 11 مشینیں سیل کی گئیں۔
انہوں نے مزید خبردار کیا کہ اگر کسی شخص نے سیل شدہ آرا مشین کو غیر قانونی طور پر کھولنے یا چلانے کی کوشش کی تو اس کے خلاف فوری طور پر ایف آئی آر درج کر کے قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
محکمہ جنگلات سکھر نے عوام اور آرا مشینوں کے مالکان سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون پر مکمل عمل کریں، لائسنس حاصل کرکے اپنا کاروبار قانونی دائرے میں چلائیں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی سے گریز کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں