نوابشاہ میں نوجوان جمالی اتحاد کے ڈویژنل آفس کا باقاعدہ افتتاح، اہم تنظیمی اجلاس منعقد
رئیس زاہد حسین جمالی نے ڈویژنل آفس کا افتتاح کر دیا، تنظیمی ڈھانچے کی مضبوطی، رکنیت سازی مہم، نوجوانوں کی فلاح اور قومی یکجہتی کے فروغ کے عزم کا اعادہ
نوابشاہ (نمائندہ خصوصی)
نوجوان جمالی اتحاد سندھ کے صوبائی جنرل سیکریٹری رئیس زاہد حسین جمالی نے نوابشاہ میں نوجوان جمالی اتحاد کے ڈویژنل آفس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب کے بعد ڈویژن صدر حسن علی جمالی کی زیر صدارت ایک اہم تنظیمی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی، ڈویژنل، ضلعی، تعلقہ، سٹی اور تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے عہدیداران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رئیس زاہد حسین جمالی نے کہا کہ نوجوان جمالی اتحاد کا بنیادی مقصد قوم میں اتحاد، اخوت، باہمی احترام، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوانوں کو تعلیم، شعور، قیادت، اخلاقی تربیت اور سماجی خدمت کے ذریعے مثبت سمت فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، اور نوجوان جمالی اتحاد اسی مقصد کے تحت نوجوان نسل کو ایک مؤثر پلیٹ فارم مہیا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تنظیم نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، انہیں قومی تعمیر و ترقی کے عمل میں شریک کرنے اور خدمتِ خلق کے جذبے کو فروغ دینے کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ بھر میں تنظیم کو مزید فعال اور مضبوط بنایا جائے گا تاکہ ہر ضلع، تعلقہ اور شہر میں نوجوانوں کو منظم کرکے انہیں معاشرے کی بہتری کے لیے متحرک کیا جا سکے۔
اس موقع پر ڈویژن صدر حسن علی جمالی نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان جمالی اتحاد نوجوان نسل کی رہنمائی اور کردار سازی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم نوجوانوں کو نظم و ضبط، باہمی اتحاد، خدمتِ خلق اور قومی ذمہ داریوں کا احساس دلانے کے لیے عملی تربیت فراہم کر رہی ہے، جس کے مثبت نتائج مستقبل میں سامنے آئیں گے۔
اجلاس کے دوران تنظیمی امور، رکنیت سازی مہم، مستقبل کی سرگرمیوں، تنظیمی ڈھانچے کی مضبوطی، ضلعی و تعلقہ سطح پر تنظیم سازی، عوامی خدمت کے منصوبوں اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نوجوان جمالی اتحاد سندھ بھر میں اتحاد، بھائی چارے، سماجی خدمت، نوجوانوں کی ترقی اور قومی یکجہتی کے مشن کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھائے گا۔
اجلاس میں نائب صدر سندھ اعجاز محمود جمالی، فنانس سیکریٹری سندھ اسد علی جمالی، انفارمیشن سیکریٹری سندھ میر مرتضیٰ جمالی، سینئر نائب صدر ڈویژن نوابشاہ رئیس علی حسن جمالی، ڈویژنل جنرل سیکریٹری ظفر علی جمالی، انفارمیشن سیکریٹری ڈویژن نوابشاہ زوار سجاد حسین جمالی، جوائنٹ سیکریٹری قابل خان جمالی، ضلع صدر نوشہروفیروز عامر علی جمالی، جنرل سیکریٹری ضلع نوابشاہ وسیم اکرم جمالی، نائب صدر ضلع نوابشاہ ظفر علی جمالی، سینئر نائب صدر ضلع نوابشاہ شفیق جمالی، تعلقہ صدر نوابشاہ ذوالفقار علی جمالی، نائب صدر تعلقہ نوابشاہ منٹھار علی جمالی، سینئر نائب صدر قائدِ عوام یونیورسٹی مزمل جمالی، سٹی جنرل سیکریٹری نوابشاہ ریاض حسین جمالی، شادی خان جمالی سمیت دیگر صوبائی، ڈویژنل، ضلعی، تعلقہ اور سٹی عہدیداران نے شرکت کی۔
اجلاس کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، امن و استحکام، خوشحالی، نوجوانوں کی کامیابی اور نوجوان جمالی اتحاد کی مزید ترقی و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔