نوابشاہ(رپورٹ۔انور عادل خانزادہ) چیئرمین ٹاؤن کمیٹی دوڑ کی کاوشیں رنگ لے آئیں، ٹاؤن کمیٹی میں نادرا کا اضافی رجسٹریشن کاؤنٹر قائم شہریوں کو ب فارم، قومی شناختی کارڈ اور دیگر رجسٹریشن سہولیات مقامی سطح پر فراہم ہوں گی، رش اور انتظار میں نمایاں کمی آئے گی دوڑ چیئرمین ٹاؤن کمیٹی دوڑ چوہدری محمد وسیم افضل راجپوت کی خصوصی کاوشوں اور بھرپور تعاون سے ٹاؤن کمیٹی دوڑ کے دفتر میں نادرا کا ایک اضافی رجسٹریشن کاؤنٹر قائم کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو ان کے اپنے علاقے میں تیز رفتار، آسان اور معیاری شناختی خدمات فراہم کرنا ہے۔
واضح رہے کہ دوڑ شہر میں نادرا کا باقاعدہ دفتر پہلے سے موجود ہے، تاہم بڑھتی ہوئی عوامی ضروریات اور شہری سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ اضافی رجسٹریشن کاؤنٹر قائم کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو طویل قطاروں، غیر ضروری انتظار اور رش کی مشکلات سے نجات مل سکے۔
اس اضافی کاؤنٹر پر بچوں کے ب فارم، کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ اور نادرا سے متعلق دیگر رجسٹریشن خدمات فراہم کی جائیں گی۔ اس سہولت سے بالخصوص خواتین، بزرگ شہریوں اور بچوں کے ہمراہ آنے والے والدین کو نمایاں آسانی حاصل ہوگی، جبکہ شہریوں کے وقت اور سفری اخراجات میں بھی خاطر خواہ کمی آئے گی۔
شہریوں نے چیئرمین ٹاؤن کمیٹی دوڑ چوہدری محمد وسیم افضل راجپوت کے اس عوام دوست اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹاؤن کمیٹی کے دفتر میں نادرا کے اضافی رجسٹریشن کاؤنٹر کے قیام سے سرکاری خدمات تک عوام کی رسائی مزید آسان، مؤثر اور سہل ہو گئی ہے، جو عوامی خدمت اور بہتر بلدیاتی انتظامیہ کی جانب ایک اہم اور قابلِ تحسین قدم ہے۔