سکھر تحریر و تصاویر
سید نصیر ءحسین زیدی
گمس گمبٹ کے شعبہ پیڈیاٹرک کارڈیالوجی میں 50 کامیاب پی ٹی ایم سی پروسیجر مکمل
سکھر: گمبٹ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (گمس) کے شعبہ پیڈیاٹرک کارڈیالوجی اینڈ ایڈلٹ کانجینٹل ہارٹ ڈیزیز نے 50 پرکیوٹینئس ٹرانس وینس مائٹرل کمیشوروٹومی (PTMC) کے کامیاب پروسیجرز مکمل کرکے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔
یہ پروسیجرز ایسوسی ایٹ پروفیسر اور سربراہ شعبہ پیڈیاٹرک کارڈیالوجی ڈاکٹر نریش کمار چوہان نے انجام دیے۔
ڈاکٹر نریش کمار چوہان کے مطابق اس پروسیجر سے مستفید ہونے والے مریضوں کی عمر 11 سال سے 58 سال کے درمیان تھی اور تمام پروسیجرز بغیر کسی پیچیدگی کے کامیابی سے مکمل ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی ایم سی مائٹرل والو اسٹینوسس (دل کے والوں کی تنگی) میں مبتلا مریضوں کے لیے ایک کم تکلیف دہ اور زندگی بچانے والا پروسیجر ہے جس سے مریض کو فوری افاقہ ہوتا ہے اور اوپن ہارٹ سرجری سے بچایا جا سکتا ہے۔
ڈاکٹر چوہان نے گمس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی کے وژن اور مسلسل تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی متحرک قیادت میں گمس ایک جدید ترین سینٹر آف ایکسیلنس بن چکا ہے جو سندھ بھر سمیت ملک کے دیگر حصوں سے آنے والے مریضوں کو مفت اور معیاری علاج کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کارنامہ گمس میں جدید کیتھ لیب کی سہولت، جدید آلات اور ٹیم کی انتھک محنت سے ممکن ہوا ہے جو حکومت سندھ کے بھرپور تعاون سے فراہم کی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈائریکٹر گمس ڈاکٹر بھٹی کی قیادت اور حکومت سندھ کی سرپرستی میں گمس میں دل کے امراض کے جدید علاج بشمول بچوں اور بڑوں کے پیدائشی دل کے امراض کا مفت علاج کیا جا رہا ہے، جس پر نجی اسپتالوں میں لاکھوں روپے خرچ آتا ہے۔
50 پی ٹی ایم سی کیسز کی کامیاب تکمیل گمس گمبٹ میں دل کے امراض کے جدید علاج کو عام آدمی کے لیے قابل رسائی اور سستا بنانے کی جانب ایک اور اہم پیش رفت ہے۔