روہڑی (نمائندہ محمد سلیمانملک) روہڑی شہر کے مختلف علاقوں میں پرچی جوا کا غیر قانونی دھندہ
روہڑی (نمائندہ محمد سلیمان ملک) روہڑی شہر کے مختلف علاقوں میں پرچی جوا کا غیر قانونی دھندہ کھلے عام جاری ہے، جس کے باعث نوجوان نسل تیزی سے اس لعنت کی لپیٹ میں آ رہی ہے۔ پولیس کی مبینہ خاموشی اور عدم کارروائی پر سیاسی، سماجی، مذہبی اور کاروباری حلقوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔شہریوں کے مطابق لالہ شہزادہ چوک،سبزی مارکیٹ کے باہر۔ اسٹیشن روڈ، کندھرا ناکہ چوک، اچھی قبیو، لوکوشیڈ اور دیگر علاقوں میں پرچی جوا کے اڈے سرگرم ہیں، جہاں صبح سے رات گئے تک ہر گھنٹے بعد قرعہ اندازی کی جاتی ہے بھاری رقوم کے انعامات جیتنے کے لالچ میں نوجوان، بچے اور بزرگ اپنی محنت اور حلال کی کمائی داؤ پر لگا رہے ہیں۔مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مکروہ دھندے کے باعث متعدد افراد نہ صرف اپنی جمع پونجی سے محروم ہو چکے ہیں بلکہ کئی خاندان مالی بحران کا شکار ہو کر قرضوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پرچی جوا جرائم میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ متعدد شکایات اور نشاندہی کے باوجود متعلقہ ادارے اس غیر قانونی کاروبار کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں، جس سے جوئے کے کاروبار میں ملوث عناصر سر عام دھندہ چلا رہے ہیں۔
سیاسی، سماجی، مذہبی اور کاروباری حلقوں نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی ایس ایس پی سکھر سے مطالبہ کیا ہے کہ روہڑی شہر میں جاری پرچی جوا سمیت دیگر سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیے فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور نوجوان نسل کو اس ناسور سے بچانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔