*مئیر میرپورخاص کا دور اختتام پذیر/ مالی و انتظامی اختیارات میونسپل کمشنر کے سپرد،باوثوق ذرائع*
میرپورخاص (شاھدمیمن): اختیارات کا قلم چھن گیا… فیصلوں کی طاقت مئیر کے ہاتھوں سے نکل کر میونسپل کمشنر کے سپرد کردی گئی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے مئیر میرپورخاص عبدالرؤوف غوری سے ڈی ڈی او پاور واپس لینے کا بڑا فیصلہ کرتے ہوئے انہیں عملاً پاور لیس کردیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ کسی ایک دن یا ایک شکایت کا نتیجہ نہیں بلکہ تین برس سے جمع ہونے والی عوامی بے چینی، مبینہ کرپشن کی شکایات، ناقص کارکردگی اور اعلیٰ سطح پر پیش کیے گئے شواہد کے بعد کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق مقامی اور اعلیٰ پارٹی قیادت نے صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد مئیر کے مالی و انتظامی اختیارات واپس لینے کی منظوری دی، ذرائع کے مطابق گزشتہ تین برسوں کے دوران میونسپل کارپوریشن میرپورخاص کو ہر ماہ تقریباً پونے نو کروڑ روپے او زی ٹی شیئر ملتا رہا، مگر اس کے باوجود شہر کی قسمت نہ بدل سکی۔ گلیاں اور بازار گندگی کے ڈھیروں سے اٹے رہے، سیوریج کا نظام شہریوں کے لیے مستقل اذیت بنا رہا، ترقیاتی منصوبے دعوؤں سے آگے نہ بڑھ سکے، جبکہ فائر بریگیڈ سمیت دیگر شعبوں میں بھی مبینہ طور پر نااہلی اور بدانتظامی کی شکایات سامنے آتی رہیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ شہریوں نے صرف آواز ہی بلند نہیں کی بلکہ مبینہ کرپشن اور انتظامی بے ضابطگیوں سے متعلق شواہد بھی اعلیٰ قیادت کے سامنے رکھے، جس کے بعد بالآخر وہ فیصلہ سامنے آگیا جس کی بازگشت کئی ہفتوں سے سیاسی اور بلدیاتی حلقوں میں سنائی دے رہی تھی،ذرائع کے مطابق ڈی ڈی او پاور کی واپسی کے ساتھ ہی عبدالرؤوف غوری کا تین سالہ بااختیار دور عملاً اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے، جبکہ میونسپل کارپوریشن کے مالی اور انتظامی معاملات اب میونسپل کمشنر کی نگرانی میں چلائے جائیں گے۔ اس پیش رفت نے میرپورخاص کی سیاست میں ہلچل مچا دی ہے اور بلدیاتی حلقوں میں اسے حالیہ برسوں کا سب سے بڑا انتظامی فیصلہ قرار دیا جا رہا ہے۔