10

روہڑی (بیورورپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے بھارتی آبی جارحیت اور دریائے سندھ کے پانی

روہڑی (بیورورپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے بھارتی آبی جارحیت اور دریائے سندھ کے پانی پر بھارتی دعوؤں کے خلاف روہڑی اور گردونواح میں احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پاکستان پیپلز پارٹی کے جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور “مرسو مرسو، سندھو دریا نہ ڈے سو” اور “دریائے سندھ پر ڈاکہ نامنظور” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔اس سلسلے میں پاکستان پیپلز پارٹی تحصیل روہڑی کے صدر حاجی نبی بخش جسکانی اور جنرل سیکریٹری ارشاد لاشاری کی قیادت میں یونین کونسل علی واہن سے ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی، جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی اپنے مقررہ مقام پر پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حاجی نبی بخش جسکانی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں دریائے سندھ کے ایک ایک قطرے کے تحفظ کے لیے ہر محاذ پر جدوجہد جاری رکھے گی اور سندھ کے آبی حقوق پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ صرف ایک دریا نہیں بلکہ سندھ کی تہذیب، زراعت اور معیشت کی شہ رگ ہے، اس کے پانی پر کسی قسم کی جارحیت یا قبضے کی کوشش ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی اور آبی جارحیت کے معاملے کو اقوام متحدہ سمیت تمام بین الاقوامی فورمز پر بھرپور انداز میں اٹھایا جائے تاکہ پاکستان کے آبی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔مقررین نے کہا کہ پانی پاکستان کی بقا کا مسئلہ ہے اور اگر بھارت نے اپنے عزائم سے باز نہ آیا تو پاکستانی قوم اپنے آبی حقوق کے دفاع کے لیے ہر ممکن جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دریائے سندھ کے پانی کے تحفظ کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور کسی کو بھی سندھ کے حصے کے پانی پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔احتجاجی ریلی سے یوسی علی واہن کے چیئرمین کریم بخش سومرو، وائس چیئرمین جہانگیر خان عباسی، یوسی لائق خان جسکانی کے چیئرمین پرویز جسکانی، حاجی امیر دین کھوسو، ساجد اختر سومرو،ملک نعمان نثار ، غلام سرور بھٹو اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور دریائے سندھ کے تحفظ کے لیے متحد رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں