*سابق افغان کرکٹر شاپور زدران کا جسدِ خاکی بھارت سے کابل پہنچ گیا، ساتھی کرکٹرز اشکبار*
افغان کرکٹ بورڈ کے مطابق سابق فاسٹ بولر شاپور زدران کا جسدِ خاکی بدھ کے روز بھارت سے کابل پہنچا، جہاں وہ انتقال سے قبل زیرِ علاج تھے۔
کابل انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر شاپور زدران کے جسدِ خاکی کو وصول کرنے کے لیے بڑی تعداد میں اہلِ خانہ، رشتہ دار، دوست، حکومتی عہدیدار اور افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی موجود تھے۔
ائیرپورٹ پر خراجِ عقیدت پیش کرنے والوں میں قومی افغان ٹیم کے موجودہ اور سابق کھلاڑی بھی شامل تھے، جن میں راشد خان اور ابراہیم زدران نمایاں تھے۔
جسدِ خاکی کی آمد کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، جہاں ساتھی کرکٹرز نے تابوت کو احترام کے ساتھ ایک گاڑی تک پہنچایا۔اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔
یاد ر ہے کہ شاپور زدران طویل علالت کے بعد منگل کے روز نئی دہلی کے ایک اسپتال میں 38 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔
شاپور زدران کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور بھارت کے مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے۔