10

بہاولنگر ضلع میں غیر قانونی گیس فلنگ اور پٹرول ایجنسیوں کے خلاف فوری کارروائی کی ضرورت ہے

بہاولنگر ضلع میں غیر قانونی گیس فلنگ اور پٹرول ایجنسیوں کے خلاف فوری کارروائی کی ضرورت ہے
بہاولنگرہارون آباد (نمائندہ خصوصی سٹی رپورٹر) انسانی حقوق تنظیم پنجاب کے وائس چیئرمین میاں مشتاق احمد جوئیہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ سول ڈیفنس کے نو تعینات افسر عرفان قریشی سے ملاقات کی اور ضلع بھر میں غیر قانونی گیس فلنگ مراکز اور پٹرول کی غیر قانونی ایجنسیوں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ملاقات کے دوران میاں مشتاق احمد جوئیہ نے گزشتہ روز پیش آنے والے افسوسناک واقعے کا حوالہ دیا جس میں بہاولنگر ریلوے پھاٹک کے قریب واقع ایک دکان میں غیر قانونی طور پر گیس فلنگ کا کام جاری تھا۔ ذرائع کے مطابق ناقص مٹیریل، حفاظتی اقدامات کی عدم موجودگی اور غیر معیاری آلات کے استعمال کے باعث گیس سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں 9 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور انہیں ہسپتال منتقل کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے لیے ایک لمحۂ فکریہ ہے کیونکہ بہاولنگر کے مختلف علاقوں میں آج بھی متعدد مقامات پر غیر قانونی گیس فلنگ مراکز اور پٹرول فروخت کرنے والی غیر مجاز ایجنسیاں قائم ہیں جو شہریوں کی جان و مال کے لیے مسلسل خطرہ بنی ہوئی ہیں۔ ان کاروباروں میں حفاظتی اصولوں کو یکسر نظر انداز کیا جاتا ہے جس کے باعث کسی بھی وقت بڑے جانی و مالی نقصان کا اندیشہ موجود رہتا ہے۔میاں مشتاق احمد جوئیہ نے سول ڈیفنس افسر عرفان قریشی سے مطالبہ کیا کہ ضلع بھر میں فوری سروے کروا کر تمام غیر قانونی گیس فلنگ اسٹیشنز اور پٹرول ایجنسیوں کی نشاندہی کی جائے اور قانون کے مطابق ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ ریاست اور متعلقہ اداروں کی اولین ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت ناقابل قبول ہے۔
سول ڈیفنس افسر عرفان قریشی نے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے اور غیر قانونی طور پر کاروبار کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور قانون شکن عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔شہری حلقوں نے بھی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ حالیہ حادثے سے سبق سیکھتے ہوئے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کا سدباب ہو سکے اور عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ اس موقع پر سول ڈیفنس کے اے ڈی بہاولنگر۔محمد اقبال۔عظمت مدنی۔زاہد حسین انجم۔استاد غلام قادر سمیت سول ڈیفنس کے دیگر افسران و اہلکاران موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں