10

*اسسٹنٹ کمشنر جھنگ کا ڈی ایچ کیو ہسپتال پر اچانک شبانہ چھاپہ، ایمرجنسی میں عملہ کم، ڈی ایم ایس غیر حاضر، صفائی اور سہولیات کی ناقص صورتحال بے نقاب*

*اسسٹنٹ کمشنر جھنگ کا ڈی ایچ کیو ہسپتال پر اچانک شبانہ چھاپہ، ایمرجنسی میں عملہ کم، ڈی ایم ایس غیر حاضر، صفائی اور سہولیات کی ناقص صورتحال بے نقاب*

*پارکنگ پر اوور چارجنگ کی شکایت پر فوری ایکشن، تین روز کیلئے فری پارکنگ کا اعلان، سی ای او ہیلتھ کو سخت کارروائی کیلئے تفصیلی رپورٹ ارسال*

مورخہ 18 جون 2026 کو اسسٹنٹ کمشنر جھنگ جناب رب نواز چدھڑ نے رات کے وقت ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال جھنگ کا اچانک دورہ کیا، جہاں متعدد انتظامی اور طبی بے ضابطگیاں سامنے آنے پر فوری نوٹس لیا گیا۔

دورے کے دوران ایمرجنسی وارڈ کا معائنہ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ تین تعینات میڈیکل آفیسرز میں سے صرف دو اپنی ڈیوٹی پر موجود تھے جبکہ ایک میڈیکل آفیسر غیر حاضر پایا گیا۔ مزید برآں ڈیوٹی پر موجود ہونے والے ڈی ایم ایس (DMS) بھی موقع پر موجود نہ تھے، جس پر اسسٹنٹ کمشنر نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔

معائنہ کے دوران مختلف وارڈز میں صفائی ستھرائی کے انتظامات بھی غیر تسلی بخش پائے گئے جبکہ شدید گرمی کے باوجود ایمرجنسی وارڈ کے ایئر کنڈیشنرز بند ہونے کی شکایت بھی سامنے آئی، جس سے مریضوں اور ان کے لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔

دورے کے موقع پر عوام کی جانب سے ہسپتال پارکنگ اسٹینڈ پر مقررہ نرخوں سے زائد وصولیوں اور مبینہ اوور چارجنگ کی شکایات بھی سامنے آئیں۔ اسسٹنٹ کمشنر رب نواز چدھڑ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے عوامی ریلیف کے پیش نظر ہسپتال پارکنگ کو آئندہ تین روز کیلئے مکمل طور پر مفت (Free Parking) قرار دے دیا۔

ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر نے ہسپتال میں انتظامی غفلت، طبی سہولیات کی کمی، عملے کی عدم موجودگی، صفائی کے ناقص انتظامات اور عوامی شکایات کے حوالے سے ایک تفصیلی رپورٹ مرتب کرکے سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی جھنگ کو بھجوا دی ہے، جس میں ذمہ داران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔

شہری و سماجی حلقوں نے اسسٹنٹ کمشنر کے اچانک دورے اور فوری ایکشن کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں عوامی سہولیات کی بہتری اور عملے کی جوابدہی یقینی بنانے کیلئے ایسے اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

عوامی حلقوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ رپورٹ کی روشنی میں نہ صرف ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی ہوگی بلکہ ہسپتال میں طبی سہولیات، صفائی اور انتظامی نظم و ضبط کو بھی بہتر بنایا جائے گا تاکہ مریضوں کو بہتر اور باوقار طبی سہولیات میسر آ سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں