11

ملک غلام مرتضیٰ صادق گھلو — مثبت صحافت، عوامی ترجمانی اور قلم کی ساکھ کا روشن استعارہ

ملک غلام مرتضیٰ صادق گھلو — مثبت صحافت، عوامی ترجمانی اور قلم کی ساکھ کا روشن استعارہ

خصوصی تحریر : راجہ نورالٰہی عاطف

صحافت کسی بھی معاشرے کی آنکھ، کان اور ضمیر کی حیثیت رکھتی ہے۔ ایک ذمہ دار صحافی نہ صرف حالات و واقعات کی درست عکاسی کرتا ہے بلکہ عوامی مسائل کو اجاگر کرکے معاشرتی اصلاح اور قومی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ضلع بھکر کی صحافتی تاریخ میں چند شخصیات ایسی ہیں جنہوں نے اپنی دیانت، محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور عوامی وابستگی کے باعث ایک منفرد مقام حاصل کیا۔ان نمایاں ناموں میں سینیئر صحافی، ایڈیٹر اِن چیف روزنامہ تھل ٹائمز بھکر، ملک غلام مرتضیٰ صادق گھلو کا نام نہایت احترام اور وقار کے ساتھ لیا جاتا ہے۔
اللہ تعالیٰ نے ملک غلام مرتضیٰ صادق گھلو کو غیر معمولی صلاحیتوں، اعلیٰ فکری شعور اور قائدانہ اوصاف سے نوازا ہے۔ وہ ایک صاحبِ فکر قلم کار، مدبر صحافی اور عوامی مسائل کو گہری نظر سے دیکھنے والی شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ ان کی شخصیت میں شائستگی، بردباری، متانت، خلوص اور ملنساری نمایاں طور پر جھلکتی ہے۔ یہی خوبیاں انہیں عوامی، سماجی، ادبی اور صحافتی حلقوں میں مقبول اور ممتاز بناتی ہیں۔
صحافت کے میدان میں ان کی خدمات کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ صحافت کو محض ایک پیشہ نہیں بلکہ ایک قومی ذمہ داری سمجھ کر نبھایا۔ روزنامہ تھل ٹائمز بھکر کے پلیٹ فارم سے وہ عوامی امنگوں کی ترجمانی، معاشرتی مسائل کی نشاندہی اور مثبت و تعمیری صحافت کے فروغ کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔ ان کی ادارت میں شائع ہونے والا اخبار نہ صرف مقامی مسائل کی مؤثر آواز بن چکا ہے بلکہ عوام اور حکومتی اداروں کے درمیان ایک مضبوط رابطے کا کردار بھی ادا کر رہا ہے۔
ملک غلام مرتضیٰ صادق گھلو کی صحافتی زندگی کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ انہوں نے ہمیشہ ذمہ دار، متوازن اور اصولی صحافت کو فروغ دیا۔ انہوں نے سنسنی خیزی، غیر مصدقہ اطلاعات اور ذاتی مفادات پر مبنی صحافت کے بجائے حقائق، دیانت داری اور عوامی مفاد کو ترجیح دی۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے قارئین اور ساتھی صحافی ان کی رائے اور تجزیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
پرنٹ میڈیا کے ساتھ ساتھ الیکٹرانک میڈیا میں بھی ان کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔ اب تک ٹی وی چینل کراچی کے ڈسٹرکٹ بیورو چیف کی حیثیت سے انہوں نے قومی سطح پر ضلع بھکر کی نمائندگی کی اور مقامی مسائل کو ملکی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور صحافتی بصیرت نے انہیں الیکٹرانک میڈیا میں بھی ایک معتبر اور قابلِ اعتماد نام بنا دیا ہے۔
ملک غلام مرتضیٰ صادق گھلو کی گراں قدر صحافتی خدمات کے اعتراف میں مختلف قومی و علاقائی فورمز کی جانب سے انہیں متعدد اعزازات، اسناد اور تعریفی شیلڈز سے نوازا جا چکا ہے۔ یہ اعزازات صرف ان کی ذاتی کامیابی نہیں بلکہ پورے ضلع بھکر کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ ان کی کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ محنت، دیانت اور پیشہ ورانہ لگن کے ذریعے کسی بھی شعبے میں نمایاں مقام حاصل کیا جا سکتا ہے۔
آج کے دور میں جب صحافت بے شمار چیلنجز سے دوچار ہے، ملک غلام مرتضیٰ صادق گھلو جیسے صحافی امید، اعتدال اور پیشہ ورانہ دیانت کی علامت بن کر سامنے آتے ہیں۔ ان کی زندگی نوجوان صحافیوں کے لیے ایک روشن مثال ہے کہ قلم کی طاقت کو معاشرے کی بہتری، عوامی فلاح اور قومی تعمیر کے لیے استعمال کیا جائے۔
بلاشبہ ملک غلام مرتضیٰ صادق گھلو بھکر کی صحافتی برادری کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں۔ ان کی خدمات، کردار اور صحافتی بصیرت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں مزید صحت، عزت، کامیابی اور توفیق عطا فرمائے تاکہ وہ اسی جذبے اور خلوص کے ساتھ صحافت اور عوامی خدمت کا سفر جاری رکھ سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں