October 20, 2026

کوٻری شاخ میں پانی کی عدم فراہمی کے خلاف آبادگاروں کا احتجاج، بھوک ہڑتالی کیمپ قائم

IMG-20260619-WA0135

کوٻری شاخ میں پانی کی عدم فراہمی کے خلاف آبادگاروں کا احتجاج، بھوک ہڑتالی کیمپ قائم

سکھر (بیورورپورٹ)علی بحر واہ اور کوٻری شاخ کے آبادگاروں نے خواتین، بچوں اور مردوں سمیت چيف انجینئر سکھر بیراج لیفٹ بینک کے دفتر کے سامنے کوٻری شاخ میں پانی کی عدم فراہمی اور محکمہ آبپاشی میں مبینہ کرپشن کے خلاف احتجاجی بھوک ہڑتالی کیمپ قائم کر دیا.احتجاجی مظاہرے کی قیادت آصف رحمان میمن اور دیگر مقامی آبادگار رہنماؤں نے کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ کوٻری شاخ میں طویل عرصے سے پانی فراہم نہیں کیا جا رہا، جس کے باعث زرعی زمینیں بنجر ہوتی جا رہی ہیں اور کاشتکاروں کو لاکھوں روپے کے مالی نقصانات کا سامنا ہے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ پانی کی شدید قلت کے باعث فصلیں تباہ ہو رہی ہیں جبکہ مویشی بھی پانی نہ ملنے کے سبب ہلاک ہو رہے ہیں، جس سے علاقے کے کسان شدید پریشانی اور معاشی مشکلات سے دوچار ہیں.احتجاجی رہنماؤں نے محکمہ آبپاشی کے بعض اہلکاروں پر کرپشن کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ مبینہ طور پر رشوت کے عوض پانی فروخت کیا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں مستحق آبادگار اپنے حصے کے پانی سے محروم ہیں۔مظاہرین نے حکومت سندھ، محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ حکام اور متعلقہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ کوٻری شاخ میں فوری طور پر پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ متاثرہ آبادگاروں کی زندگیاں، فصلیں اور زرعی زمینیں بچائی جا سکیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات فوری طور پر تسلیم نہ کیے گئے تو بھوک ہڑتال مطالبات کی منظوری تک، بلکہ “آخری سانس تک” جاری رکھی جائے گی۔