محرم الحرام کے سلسلے میں سفیرانِ امن کمیٹی بہاول نگر کا قافلہ ہارون آباد پہنچ گیا، جہاں اسسٹنٹ کمشنر عابد سرور کھوکھر اور ڈی ایس پی اقبال غازی نے وفد کا استقبال کیا۔
چیئرمین سفیرانِ امن کمیٹی بہاول نگر صاحبزادہ عبدالرسول اشرفی کی قیادت میں آنے والے وفد میں سینئر ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کے اراکین سید امجد حسین شاہ، سید مدثر عباس نقوی، مولانا محمد احمد، مولانا مسعود قاسمی اور احمد کمال شاہ سیکرٹری اطلاعات مرکزی انجمن تاجران سعود فاروق چغتائی،رفیق رحمانی شامل تھے۔ وفد نے محرم الحرام کے حوالے سے انتظامات اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا اس موقع پر صاحبزادہ عبدالرسول اشرفی نے کہا کہ سفیرانِ امن کمیٹی کا مقصد ضلع بہاول نگر کی تمام تحصیلوں کا دورہ کرکے محرم الحرام کے دوران امن، محبت، رواداری اور بھائی چارے کے پیغام کو عام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں محرم الحرام کے انتظامات پر تفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔چیئرمین سفیرانِ امن کمیٹی نے انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ عوام، علماء کرام اور انتظامیہ کے باہمی تعاون سے محرم الحرام پرامن ماحول میں گزرے گا۔