بیو رو چیف و ہا ڑ ی . میلسی میں کھیلوں کی سہولیات کا فقدان، نوجوان نسل پریشان۔
میلسی شہر بنیادی سہولیات کی کمی کا شکار ہے جبکہ کھیلوں کے میدانوں اور جدید اسٹیڈیم کی عدم دستیابی نوجوانوں کے لیے ایک بڑا مسئلہ بن چکی ہے۔ شہر کے نوجوان اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مناسب مواقع نہ ملنے پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ کرکٹ بورڈ میلسی کے صدر راؤ محمد اکرم، چیئرمین محمد ندیم ڈاڈا، ملک احسن شہزاد ڈھڈی، منیس گروپ کے سابق کونسلر محمد اکمل خان منیس، چوہدری شاہد غفور اور رائے بنٹی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ میلسی جیسے بڑے اور اہم شہر میں جدید اسپورٹس گراؤنڈ اور اسٹیڈیم کا نہ ہونا لمحۂ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی مثبت۔سرگرمیاں نوجوانوں کو منفی رجحانات سے دور رکھنے اور ان کی جسمانی و ذہنی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے حکومتِ پنجاب، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ نوجوانوں کے روشن مستقبل اور صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے میلسی میں جدید اسٹیڈیم اور کھیلوں کی دیگر سہولیات کی فراہمی کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے تاکہ مقامی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور قومی سطح پر شہر کا نام روشن کرنے کے مواقع میسر آ سکیں۔