11

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کا آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹر حادثے پر اظہارِ افسوس، شہداء کو خراجِ تحسین

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کا آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹر حادثے پر اظہارِ افسوس، شہداء کو خراجِ تحسین

قوم اپنے بہادر محافظوں کی خدمات اور قربانیوں کو ہمیشہ قدر و احترام کے ساتھ یاد رکھے گی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے مظفرآباد کے قریب پاکستان آرمی ایوی ایشن کے ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو قومی سانحہ قرار دیا ہے۔اپنے تعزیتی بیان میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وطن کے دفاع اور قومی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قوم کے حقیقی ہیرو ہوتے ہیں، جن کی قربانیاں قومی تاریخ میں عزت و احترام کے ساتھ یاد رکھی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی خدمات اور جذبۂ ایثار آنے والی نسلوں کے لیے مثال ہیں۔سیدال خان ناصر نے حادثے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اس دکھ کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے غم کو مشترکہ قومی دکھ سمجھتی ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے، ان کی قربانیوں کو قبول فرمائے اور سوگوار خاندانوں کو صبرِ جمیل اور حوصلہ عطا کرے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے بہادر محافظوں کی خدمات اور قربانیوں کو ہمیشہ قدر و احترام کے ساتھ یاد رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں