سیپکو سب ڈویژن 2 سکھر کی جانب سے پاک فوج کے اعزاز میں شاندار ریلی
سکھر(بیورورپورٹ)سیپکو سب ڈویژن 2 سکھر کے زیر اہتمام “معرکۂ حق و بنیان مرصوص” کی کامیابی کے ایک سال مکمل ہونے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک پرجوش اور شاندار ریلی نکالی گئی۔ یہ ریلی شہر کے مختلف علاقوں سے گزری، جو “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج زندہ باد” کے بلند نعروں سے گونجتی رہی۔ریلی کی قیادت سب ڈویژن 2 کے ایس ڈی او مشتاق احمد قریشی نے کی۔ اس موقع پر چیئرمین نظر محمد میمن، اسد ساوند، علی رضا میمن، ملوک سومرو، زھیب بھٹو، ناصر جمیل، شفیق احمد، صبحان اعجاز، غلام مصطفیٰ اور اعجاز برڑو سمیت سیپکو اہلکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاک فوج سے بھرپور محبت و یکجہتی کا اظہار کیا۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ سپہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستان کی مسلح افواج قوم کی جان، شان اور عظمت کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال قبل مکار دشمن بھارت کو دیا گیا تاریخی جواب آج بھی دنیا کو یاد ہے اور عالمی برادری پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو بھرپور طریقے سے تسلیم کرتی ہے۔مقررین نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام خواہ کسی بھی رنگ، نسل یا مذہب سے تعلق رکھتے ہوں، وہ اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ افواج پاکستان اور عوام کے درمیان اتحاد اور یکجہتی وطن عزیز کے دفاع کی مضبوط ترین ضمانت ہے۔ پوری دنیا جانتی ہے کہ پاکستان کے دشمنوں کے خلاف قوم اور افواج کا یہ اتحاد ناقابلِ تسخیر ہے اور اب کوئی بھی دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔ریلی کے اختتام پر وطن عزیز پاکستان کی سلامتی، ترقی اور افواج پاکستان کی کامیابی و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔









