گرین بس سروس: وزیر اعلیٰ پنجاب کا بہترین عوام دوست اقدام
خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف
پنجاب میں عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے گرین بس سروس کا آغاز ایک قابلِ تحسین اور دور اندیش فیصلہ ہے۔ یہ منصوبہ نہ صرف جدید سفری سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اہم قدم ہے بلکہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے، ٹریفک کے مسائل میں کمی اور شہریوں کو باوقار سفری سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے بھی بے حد اہمیت کا حامل ہے۔
موجودہ دور میں بڑھتی ہوئی آبادی اور ٹریفک کے دباؤ نے شہروں میں آمدورفت کو ایک سنگین مسئلہ بنا دیا ہے۔ ایسے میں گرین بس سروس کا اجراء عوام کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ جدید طرز کی یہ الیکٹرک بسیں آرام دہ، محفوظ، ماحول دوست اور کم خرچ سفری سہولت فراہم کرتی ہیں۔ ان بسوں کے ذریعے شہریوں کو نہ صرف بروقت اور بااعتماد سفری سہولت میسر آئے گی بلکہ انہیں نجی ٹرانسپورٹ کے اضافی اخراجات سے بھی نجات ملے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا یہ اقدام اس لیے بھی قابلِ ستائش ہے کہ اس سے ماحول دوست پالیسیوں کو فروغ ملے گا۔ روایتی ایندھن سے چلنے والی گاڑیاں فضائی آلودگی میں اضافے کا باعث بنتی ہیں جبکہ الیکٹرک گرین بسیں دھواں اور شور پیدا کیے بغیر سفر کی سہولت فراہم کرتی ہیں۔ اس سے شہروں کا ماحول بہتر ہوگا اور صحت عامہ پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
گرین بس سروس خواتین، طلبہ، بزرگ شہریوں اور روزانہ سفر کرنے والے ملازمین کے لیے خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔ محفوظ، آرام دہ اور باقاعدہ شیڈول کے تحت چلنے والی یہ بسیں ان طبقات کے لیے آسانی پیدا کریں گی۔ خصوصاً خواتین کے لیے محفوظ ٹرانسپورٹ کی فراہمی ایک دیرینہ مسئلہ تھا، جس کے حل کی جانب یہ منصوبہ اہم پیش رفت ہے۔
خوش آئند بات یہ ہے کہ حکومت پنجاب اس منصوبے کو صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رکھ رہی بلکہ چھوٹے اضلاع تک اس کی توسیع کا عمل بھی جاری ہے۔ اگر یہ منصوبہ مؤثر انداز میں جاری رہا تو یہ پنجاب کے ٹرانسپورٹ نظام میں ایک انقلابی تبدیلی ثابت ہوگا۔
بلاشبہ گرین بس سروس وزیر اعلیٰ پنجاب کا ایک بہترین عوام دوست اقدام ہے، جو نہ صرف عوام کو سہولت فراہم کرے گا بلکہ ترقی یافتہ، صاف ستھرے اور جدید پنجاب کے خواب کو بھی حقیقت کا روپ دے گا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام اس سہولت کا بھرپور استعمال کریں اور حکومت اس منصوبے کی شفافیت اور تسلسل کو یقینی بنائے تاکہ اس کے ثمرات زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچ سکیں۔