September 1, 2026
google.com, pub-9673306505872210, DIRECT, f08c47fec0942fa0

سکھر/روہڑی (بیورورپورٹ)شہر میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے اور فائر سیفٹی کے مؤثر

IMG-20260128-WA0163
google.com, pub-9673306505872210, DIRECT, f08c47fec0942fa0

سکھر/روہڑی (بیورورپورٹ)شہر میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے اور فائر سیفٹی کے مؤثر انتظامات کے حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر روہڑی غلام مرتضیٰ گھانگھرو کی صدارت میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی ایس پی روہڑی، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس روہڑی، میونسپل کمیٹی اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران نے شرکت کی۔کراچی میں حالیہ افسوسناک سانحہ گل پلازا کے بعد فائر سیفٹی، آگ سے بچاؤ اور ہنگامی حالات میں احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔ اسی تناظر میں اسسٹنٹ کمشنر روہڑی غلام مرتضیٰ گھانگھرو نے متعلقہ اداروں کے افسران کے ہمراہ روہڑی کے مختلف حساس مقامات کا تفصیلی دورہ کیا، جن میں بازاریں، اولپرز فیکٹری، مارٹس، شاہی بازار اور ایل پی جی سلنڈر کی دکانیں شامل تھیں۔دورے کے دوران دکانداروں اور عوام کو اعلانات کے ذریعے آگاہ کیا گیا کہ آگ لگنے کی صورت میں فوری اور درست ردِعمل کس قدر ضروری ہے۔ اس موقع پر ڈی ایس پی روہڑی علی محمد مہر، ریسکیو 1122 کے محمد اویس سلطان اور واحد بخش، سول ڈیفنس روہڑی کے سینئر پوسٹ وارڈن آغا جبار خان، انسپکٹر امتیاز بھٹو، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عنایت اللہ بھٹو اور میونسپل کمیٹی روہڑی کے فائر آفیسر لیاقت زنگیجو بھی موجود تھے۔اسسٹنٹ کمشنر روہڑی غلام مرتضیٰ گھانگھرو نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان کی خصوصی ہدایات پر یہ دورے اور اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ گھروں کے کچن، دکانوں، فیکٹریوں اور دفاتر میں فائر ایکسٹنگوئشر اور دیگر فائر فائٹنگ آلات کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے اور عملے کو ان کے درست استعمال کی تربیت دی جائے۔خصوصی طور پر سول ڈیفنس روہڑی کے سینئر پوسٹ وارڈن آغا جبار خان نے فائر سیفٹی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے آگ سے بچاؤ، عمارتوں میں ہنگامی اخراج کے راستے، فائر الارم سسٹمز، فائر ایکسٹنگوئشر کے درست استعمال اور ابتدائی طبی امداد کے حوالے سے نہایت اہم اور عملی معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مقامات، بازاروں اور تجارتی مراکز میں فائر سیفٹی قوانین پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں قیمتی جانی نقصان ہو سکتا ہے، لہٰذا احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔دورے کے دوران مارٹس، دکانوں اور بینکوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی گئی کہ وہ فوری طور پر فائر سیفٹی آلات نصب کریں اور حفاظتی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ اسسٹنٹ کمشنر نے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی تعاون سے فائر سیفٹی قوانین پر سختی سے عمل کرانے کی ہدایت بھی کی۔آخر میں غلام مرتضیٰ گھانگھرو نے کہا کہ عوام کی جانوں کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، اور اس مقصد کے لیے پیشگی اقدامات، آگاہی مہم اور مشترکہ حکمتِ عملی کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ کسی بھی ممکنہ سانحے سے بچا جا سکے۔

google.com, pub-9673306505872210, DIRECT, f08c47fec0942fa0