October 18, 2026

سکھر(بیورورپورٹ۔۔۔سید نصیر حسین زیدی)گورنمنٹ اسپیشل ایجوکیشن اینڈ ریہیبلیٹیشن سینٹر فار وی آئی سی سکھر کے زیرِ اہتمام شہر میں دو روزہ ٹیلنٹ ہنٹ

IMG-20260128-WA0114

سکھر(بیورورپورٹ۔۔۔سید نصیر حسین زیدی)گورنمنٹ اسپیشل ایجوکیشن اینڈ ریہیبلیٹیشن سینٹر فار وی آئی سی سکھر کے زیرِ اہتمام شہر میں دو روزہ ٹیلنٹ ہنٹ ایکسپو 2026ء کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس کا افتتاح میئر سکھر و ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کیا۔ اس موقع پر خصوصی بچوں کی تخلیقی، فنی اور تکنیکی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا۔
نمائش ڈائریکٹر ڈی پی ای ڈی سکھر ریجن عبدالقدوس میمن اور ڈپٹی ڈائریکٹر نور کاشف سومرو کی زیر نگرانی منعقد کی گئی، جس میں سکھر، خیرپور اور گھوٹکی اضلاع کے آٹھ خصوصی مراکز سے تعلق رکھنے والے بچوں نے اپنی غیرمعمولی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا۔ نمائش میں قوتِ سماعت، قوتِ گویائی، نابینا اور دیگر معذور مراکز کے بچوں کی جانب سے مختلف تخلیقی و تکنیکی اشیاء پر مبنی اسٹالز لگائے گئے، جن میں دستکاری کی منفرد اشیاء، خوبصورت پینٹنگز اور آرٹس اینڈ کرافٹس شامل تھے۔تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر سکھر سارہ فراز، سماجی شخصیت شائستہ کھوسو، ڈائریکٹر سویٹ ہوم سکھر شبیر میمن، انچارج سکھر بلڈ بینک عبدالجبار شیخ، ڈاکٹر منصور سمیت مختلف سماجی، تعلیمی اور فلاحی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ نابینا بچوں کی جانب سے پیش کردہ موسیقی کے مظاہرے نے حاضرین کے دل موہ لیے اور انہیں خوب داد دی گئی۔دو روزہ نمائش کے پہلے دن بیگم نصرت بھٹو ویمن یونیورسٹی، اروڑ یونیورسٹی، سکھر آئی بی اے اور ضیاءالدین میڈیکل یونیورسٹی کی طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جبکہ میوزیکل کنسرٹ میں مقامی سنگرز کے بینڈ نے بھی پرفارمنس پیش کی، جس سے تقریب کا ماحول خوشگوار بن گیا۔افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے خصوصی بچوں کی سیر و تفریح کے لیے خصوصی تعاون کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ سکھر ریجن کے خصوصی بچوں کی تفریح کے لیے سکھر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے 10 لاکھ روپے اور مفت ٹرانسپورٹ فراہم کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے تحت عوامی فلاح و بہبود اور خصوصی افراد کے لیے سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔میئر سکھر نے کہا کہ آج خصوصی بچوں کے چہروں پر مسکراہٹ دیکھ کر دن بھر کی تھکان اتر گئی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے 15 کروڑ روپے کی گرانٹ سے وی آئی سی بئراج کالونی ایک خوبصورت اور فعال ادارہ بن چکا ہے، جبکہ آئندہ بھی مزید تعاون حاصل کیا جائے گا۔ انہوں نے صاحبِ استطاعت افراد پر زور دیا کہ وہ خصوصی بچوں کی بحالی اور سہولیات کے لیے آگے بڑھیں، کیونکہ اس عمل میں دنیا و آخرت دونوں کا اجر ہے۔دریں اثناء، ترجمان سندھ حکومت نے سانحہ گل پلازہ کو نہایت افسوسناک قرار دیتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے شہداء کے ورثاء کو فی کس ایک کروڑ روپے، جزوی طور پر متاثرہ تاجروں کو 5،5 لاکھ روپے جبکہ بحالی کے لیے قرضوں اور نیشنل سیکیورٹی کے اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے۔آخر میں ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈی پی ای ڈی سکھر ریجن نے بتایا کہ نمائش کے دوسرے دن خصوصی مراکز کے بچوں کے والدین بھی شرکت کریں گے، جس کا مقصد بچوں کی حوصلہ افزائی اور معاشرتی شعور کو مزید فروغ دینا ہے۔