October 18, 2026

سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)کراچی میں پیش آنے والے المناک گل پلازہ سانحہ کے بعد وزیرِ اعلیٰ سندھ کی خصوصی ہدایات پر ضلع انتظامیہ

IMG-20260128-WA0111

سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی)کراچی میں پیش آنے والے المناک گل پلازہ سانحہ کے بعد وزیرِ اعلیٰ سندھ کی خصوصی ہدایات پر ضلع انتظامیہ سکھر متحرک ہو گئی ہے۔ کمشنر سکھر عابد سلیم اور ڈپٹی کمشنر نادر شہزاد خان کے احکامات کی روشنی میں شہر بھر کی کمرشل، تجارتی عمارتوں، پلازوں اور ہوٹلز میں فائر سیفٹی آڈٹ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر ماجد ماکو، مختیارکار نیو سکھر، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور ریسکیو 1122 کے افسران پر مشتمل خصوصی ٹیم نے سکھر کے مختلف تجارتی پلازوں اور عمارتوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ فائر سیفٹی آڈٹ کے دوران فائر ایگزٹس، فائر الارم سسٹم، فائر فائٹنگ آلات، ہنگامی راستوں اور حفاظتی انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر ماجد ماکو نے بتایا کہ فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی عمارتوں کو نوٹس جاری کیے جائیں گے، جبکہ سنگین غفلت کی صورت میں قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلع انتظامیہ کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کرے گی اور عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ماجد ماکو نے کہا کہ گل پلازہ کا سانحہ ایک دلخراش واقعہ تھا، جس کے بعد وزیرِ اعلیٰ سندھ کی سربراہی میں حکومتِ سندھ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پورے سندھ میں فائر سیفٹی آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اسی فیصلے کی روشنی میں سکھر میں کمرشل، رہائشی اور صنعتی علاقوں میں فائر سیفٹی آڈٹ کا آغاز کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان اقدامات کا مقصد عوام اور تاجر برادری دونوں کی زندگیاں محفوظ بنانا ہے، تاکہ کسی بھی ممکنہ آتشزدگی یا ہنگامی صورتحال میں مؤثر پروٹوکولز موجود ہوں، جن کے ذریعے کم سے کم جانی و مالی نقصان ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مارکیٹس، پلازوں اور بزنس سینٹرز میں آڈٹ کے ذریعے ایک محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا رہا ہے، جہاں شہری بلا خوف و خطر اپنی روزمرہ زندگی اور کاروباری سرگرمیاں انجام دے سکیں۔ضلع انتظامیہ کے مطابق فائر سیفٹی آڈٹ کا یہ عمل مرحلہ وار جاری رہے گا اور اس کی تکمیل کے بعد سفارشات پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنایا جائے گا تاکہ مستقبل میں کسی بھی بڑے حادثے سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔