October 17, 2026

سکھر (بیورورپورٹ سید نصیر حسین زیدی)سکھر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈاکوؤں کی واردات کی کوشش ناکام بنا دی

IMG-20260128-WA0107

سکھر (بیورورپورٹ سید نصیر حسین زیدی)سکھر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈاکوؤں کی واردات کی کوشش ناکام بنا دی
سکھر پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ایک بڑی واردات کی کوشش ناکام بنا دی۔تفصیلات کے مطابق تھانہ بی سیکشن کی حدود میں انور پراچہ اسپتال کے قریب واردات کے ارادے سے موجود ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ملزمان فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔پولیس کے مطابق مشکوک افراد کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر پولیس پارٹی نے فوری کارروائی کی، جس پر ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔پولیس کی بروقت اور مؤثر جوابی فائرنگ کے باعث ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ تاہم ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔زخمی ہونے والے اہلکاروں میں پولیس کانسٹیبل محمد علی ابڑو اور پولیس کانسٹیبل نزاکت بھٹو شامل ہیں۔ دونوں زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد کے لیے ضیاءالدین اسپتال سکھر منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق زخمی اہلکار خطرے سے باہر ہیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی سکھر اظہر خان ضیاءالدین اسپتال پہنچے، جہاں انہوں نے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی اور ان کے حوصلے بلند کیے۔ اس موقع پر ایس ایس پی سکھر کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں کی قربانیاں قابلِ فخر ہیں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ایس ایس پی سکھر اظہر خان نے مزید کہا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ اور کومبنگ آپریشن جاری ہے اور جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سکھر پولیس اسٹریٹ کرمنلز اور کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف اپنی جنگ پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گی تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔شہری حلقوں نے سکھر پولیس کی بروقت کارروائی اور زخمی اہلکاروں کی بہادری کو سراہتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔