October 19, 2026

سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے) سرگودھا یونیورسٹی میں 12 ویں کانووکیشن کا انعقاد کیاگیا

IMG-20260127-WA0288

سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے) سرگودھا یونیورسٹی میں 12 ویں کانووکیشن کا انعقاد کیاگیا جس کی صدارت گورنر پنجاب و چانسلر یونیورسٹی سردار سلیم حیدر خان نے کی۔ کانووکیشن میں 18 ہزار 369 میں ڈگریاں اور 161 پوزیشن ہولڈر طلباء میں میڈلز تقسیم کئے گئے ۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس بھی گورنر پنجاب کے ہمراہ موجود تھے ۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے تقریب کے دوران 161 پوزیشن ہولڈرز کو میڈلز پہنائے اور ڈگریوں سے نوازا ۔
تقریب سے خطاب میں گورنر پنجاب نے طلبہ کو ڈگری مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ اپنے منفرد تحقیقی ذہن کے ذریعے ملک و قوم کے وقار میں اضافہ کریں گے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کانووکیشن کا یہ خوبصورت لمحہ ان کے خوابوں کی تعبیر کا دن ہے۔
جامعہ سرگودھا کے 12 ویں کانووکیشن میں مجموعی طور پر 18 ہزار سے زائد طلباء و طالبات کو ڈگریاں تفویض کی گئیں۔ جبکہ پہلی ،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں گولڈ ۔ سلور اور برانز میڈل تقسیم کئے گئے۔اس موقع پر میڈلز اور پی ایچ ڈی کرنیوالے طالبات خوشی سے سرشار نظر آئے اور اپنی کامیابی کو اساتذہ کرام کی محنت اور والدین کی دعائوں کا نتیجہ قرار دیا۔یونیورسٹی سے ڈگریاں حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کے والدین کی بڑی تعداد بھی کانووکیشن میں شریک ہوئی۔ طلبہ و طالبات کانوکیشن کے ان حسین لمحات کو سیلفیوں کی شکل میں اپنے موبائل میں محفوظ کرتے رہے۔
22 سال قبل معرض وجود میں آنے والی سرگودھا یونیورسٹی نے مختصر عرصہ میں تعلیم اور تحقیق کے شعبہ میں فقید المثال کامیابیاں سمیٹی ہیں۔