October 18, 2026

*تاجرراہنماکی ڈپٹی کمشنروڈی پی او وہاڑی سے ملاقات*

Screenshot_2026-01-25_173709

*تاجرراہنماکی ڈپٹی کمشنروڈی پی او وہاڑی سے ملاقات*
*میلسی شہر کے تاجروں اور شہریوں کو درپیش اہم مسائل اجاگر کٸیے*

میلسی (محمد مختارسولگی) مرکزی انجمنِ تاجران ضلع وہاڑی کے صدر شیخ محمد سلیم نے اپنے ساتھی تاجران کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر وہاڑی اور ڈی پی او وہاڑی سے ملاقات کی ۔ دوران ملاقات انہوں نے میلسی شہر کے تاجروں اور شہریوں کو درپیش اہم مسائل اجاگر کٸیے۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے شہر کے اندر قائم ناکوں، آئے روز بلاجواز جرمانوں اور پیرا فورس کے مبینہ سخت رویے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
شیخ محمد سلیم نے مطالبہ کیا کہ ٹریفک پولیس کے ناکے شہر کے مرکزی چوکوں کی بجائے شہر سے باہر منتقل کیے جائیں، کیونکہ شہریوں کو روزمرہ ضروریاتِ زندگی، بچوں کو اسکول چھوڑنے اور لینے، اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے شہر میں مسلسل آمد و رفت کرنا پڑتی ہے۔ اس کے باوجود سخت کارروائیاں عوام اور تاجروں کے لیے اذیت کا سبب بن رہی ہیں۔
صدر انجمنِ تاجران نے مزید مطالبہ کیا کہ گرمی کا موسم شروع ہو چکا ہے، بارش اور شدید دھوپ کے باعث تاجروں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑتا ہے، اس لیے دکانوں کے سامنے پانچ فٹ شیڈ لگانے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے واپڈا کو ہدایت جاری کرنے کا بھی مطالبہ کیا کہ شہر میں بجلی کے بوسیدہ اور الجھے ہوئے تاروں کے جھرمٹ ختم کیے جائیں تاکہ شارٹ سرکٹ اور آتشزدگی جیسے خطرناک حادثات سے بچا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر وہاڑی نے تاجروں کے مسائل کو توجہ سے سنا اور ان کے حل کی یقین دہانی کرواتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تاجروں کے ساتھ تعاون اور نرمی کا رویہ اختیار کیا جائے۔ ڈی پی او وہاڑی نے بتایا کہ تمام مسائل کے حل کے لیے متعلقہ ایس ڈی پی او اور اسسٹنٹ کمشنر تاجروں کی مشاورت سے باقاعدہ لائحہ عمل تیار کریں گے تاکہ عوام اور تاجروں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔