سکھر۔ روز نامہ کانیات(بیورورپورٹ سید نصیر حسین زیدی )جمعیت علماء اسلام (ف) سندھ کے امیر مولانا
سکھر۔ روز نامہ کانیات(بیورورپورٹ سید نصیر حسین زیدی )جمعیت علماء اسلام (ف) سندھ کے امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی اور سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ موجودہ نظامِ تعلیم نے قوم کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے، جبکہ اقتدار میں بیٹھے لوگ صرف دولت کے پجاری بن چکے ہیں، انہیں نہ ایمان کی فکر ہے اور نہ ہی قوم کے مستقبل کی۔وہ گزشتہ شب پنوعاقل میں منعقدہ ایک بڑے تعلیمی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کو تباہ کرنے والے، عوام کے حقوق غصب کرنے والے، نوکریاں پیسوں پر بیچنے والے اور کارونجھر پہاڑوں اور دریاؤں کا سودا کرنے والے سب وہی لوگ ہیں جو بڑے بڑے اداروں سے تعلیم یافتہ اور اعلیٰ ڈگریوں کے حامل ہیں، مگر انہوں نے ملک اور صوبے کو بدترین تباہی سے دوچار کر دیا ہے۔مولانا عبدالقیوم ہالیجوی نے کہا کہ اگر آج اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کا جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوگا کہ مستقبل کے معمار منشیات کی دلدل میں دھنستے جا رہے ہیں۔ کم عمر بچے آئس، کوکین، شراب، چرس اور سگریٹ جیسے مہلک نشوں میں مبتلا ہو رہے ہیں، اور اس صورتحال کے اصل ذمہ دار وہ حکمران ہیں جو انہی یونیورسٹیوں سے پڑھ کر اقتدار میں آئے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ تعلیم کے نظام میں دانستہ طور پر طبقاتی تفریق پیدا کی گئی ہے۔ غریب کے بچوں کے لیے الگ تعلیمی ادارے، امیروں کے بچوں کے لیے الگ، جبکہ ایم این ایز اور ایم پی ایز کے بچے لندن اور برطانیہ میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے اسلاف اور عظیم تاریخ دان مدارس کے تعلیم یافتہ تھے، جہاں قرآن و حدیث کے ساتھ ساتھ سائنس، طب اور انجینئرنگ کی تعلیم بھی دی جاتی تھی۔ جب برصغیر پر انگریزوں نے قبضہ کیا تو علماء دیوبند نے ان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور انہیں یہاں سے نکال باہر کیا، مگر جاتے جاتے وہ طبقاتی نظامِ تعلیم چھوڑ گئے۔علامہ راشد محمود سومرو نے واضح کیا کہ جمعیت علماء اسلام (ف) طبقاتی نظامِ تعلیم کی سخت مخالفت کرتی ہے، اور جب ہماری حکومت آئے گی تو جس اسکول میں وزیراعلیٰ کا بیٹا تعلیم حاصل کرے گا، اسی اسکول میں سندھ کے مزدور کا بیٹا بھی تعلیم حاصل کرے گا۔انہوں نے اعلان کیا کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن 21 دسمبر کو سندھ کے دورے پر کراچی پہنچیں گے، جہاں وہ لیاری میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کریں گے اور وہیں سے نئی تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔ اس کے بعد 23 دسمبر کو لاڑکانہ اور 24 دسمبر کو سکھر میں بھی بڑے عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے۔علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ لا الٰہ الا اللہ کے نام پر حاصل کیے گئے ملک پاکستان میں آج تک مکمل طور پر اسلام نافذ نہیں کیا گیا۔ کبھی وزیراعظم سمیت کسی اہم عہدے پر کسی عالمِ دین کو نہیں بٹھایا گیا، بلکہ مغربی اداروں سے پڑھے ہوئے افراد کو اقتدار میں لا کر عوام کے ساتھ مذاق کیا گیا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے نااہل، نالائق، کرپٹ اور جعلی مینڈیٹ رکھنے والے حکمران مسلط کیے جاتے ہیں، تاہم اب یہ حکمران عوام کے دلوں سے اتر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے گاؤں گاؤں جے یو آئی (ف) کے عوامی اجتماعات میں لاکھوں افراد کی شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ آج سندھ کی حقیقی عوامی جماعت جمعیت علماء اسلام ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ میں آج بھی ستر لاکھ سے زائد بچے تعلیم سے محروم ہیں، جبکہ سرکاری اسپتالوں میں عوام کو سستا اور معیاری علاج میسر نہیں۔علامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ سندھ میں کرپشن کو اب جرم نہیں سمجھا جاتا بلکہ حکمران اسے اپنا حق تصور کرتے ہیں۔ انہوں نے سندھ کو تقسیم کرنے کی باتوں کو مسترد کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ کراچی سندھ کا حصہ ہے اور سندھ ہی رہے گا، کسی کے باپ میں بھی اتنی طاقت نہیں کہ کراچی کو سندھ سے الگ کر سکے۔ ہم زندہ ہیں تو سندھ کی حفاظت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں بدامنی کم ہونے کے بجائے بڑھتی جا رہی ہے، روزانہ قبائلی جھگڑوں میں معصوم جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ صلح صفائی کریں، قبائلی جھگڑوں کا خاتمہ کریں اور امن کے لیے آگے آئیں۔
انہوں نے کہا کہ ان جھگڑوں کے اصل ذمہ دار حکومت میں بیٹھے لوگ ہیں۔ ڈاکوؤں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ سے ڈرو، ہتھیار چھوڑ دو اور عوام پر رحم کرو۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جے یو آئی (ف) کی جانب سے کیے گئے امن مارچوں اور امن جرگوں کے نتیجے میں حکومت ڈاکوؤں سے مذاکرات پر مجبور ہوئی۔علامہ راشد محمود سومرو نے مزید کہا کہ اسمبلیوں سے غیر شرعی اور غیر اسلامی قوانین منظور کیے جا رہے ہیں۔ کم عمر نکاح پر پابندی، زنا بالرضا کے لیے راستہ ہموار کرنا اور ٹرانسجینڈر بل کے ذریعے ناجائز حرکات کی اجازت دینا اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے احکامات سے کھلی بغاوت ہے۔آخر میں انہوں نے خبردار کیا کہ اگر آئین، قانون، ووٹ اور جمہوریت کے ذریعے عوام کو ان کا حق نہ دیا گیا، اور عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر چور دروازے سے لوگوں کو اسمبلیوں میں لایا جاتا رہا، تو جمعیت علماء اسلام (ف) عوامی انقلاب کی تیاری پر مجبور ہو جائے گی۔جلسہ عام سے مولانا سعود افضل ہالیجوی، مولانا محمد صالح انڈھڑ، مولانا عبداللہ مہر، مولانا عبدالحمید مہر، میرمبین خان بلو، مولانا غلام اللہ ہالیجوی، مولانا عبیداللہ ہالیجوی اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔