*9 مئی کیس: عمر ایوب، شبلی فراز اور زرتاج گل کو 10،10 سال قید*
*9 مئی کیس: عمر ایوب، شبلی فراز اور زرتاج گل کو 10،10 سال قید*
فیصل آباد میں انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات کا فیصلہ سناتے ہوئے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈران سمیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 108 رہنماؤں اور کارکنوں کو سزائیں سنادیں۔
فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات کا فیصلہ سناتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز، رکن قومی اسمبلی زرتاج گل، صاحبزادہ حامد رضا، شیخ رشید کے بھیتجے شیخ راشد شفیق کو 10، 10 سال قید کی سزا سنادی۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے رکن پنجاب اسمبلی جنید افضل ساہی کو 3 سال قید کی سزا سنائی جبکہ مجموعی طور پر 108 ملزمان کو سزائیں سنائی گئی ہیں، سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، زین قریشی اور خیال کاسترو کو مقدمات سے بری کردیا۔
یاد رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت سرگودھا نے گزشتہ ہفتے 22 جولائی کو 9 مئی 2023 کو میانوالی میں احتجاج کے مقدمے میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد بھچر سمیت تحریک انصاف کے 32 رہنماؤں اور کارکنوں کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی تھی، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے احمد بھچر کو نااہل قرار دے دیا تھا، آج پنجاب اسمبلی میں اپویشن کے عہدے کو خالی قرار دے دیا گیا ہے۔