*🔴خاتون کے فراڈ الرٹ پر درست رویہ*
*🔴خاتون کے فراڈ الرٹ پر درست رویہ*
فیس بک پر خواتین میں ایک فراڈ کے متعلق گفتگو جاری ہے۔ کسی خاتون نے شائد کینسر پیشنٹ بن کر اپنی بیٹی کے ذریعے کچھ فیس بک پر متعارف خواتین سے مدد کی اپیل کی۔ جنھوں نے نیک نیتی اور درد دل سے اس کیلئے آواز اٹھائی۔روپے بھی اکٹھے کرکے دئیے اور اس کے کاروباری برینڈ ملتانی جتی کو پروموٹ بھی کیا۔ اس خاتون نے اپنی موت اور پھر شائد دو بچوں کی موت کی خبر دے کر بھی دوسروں کی ہمدردیاں سمیٹنے کی کوشش کی۔اب پتہ چلا، نہ وہ فوت ہوئی ،نہ بچے۔ یہ سب ہمدردی بٹورنے کیلئے کیا گیا ڈرامہ تھا۔
اس پر اب ہمدردی کرنے والی خواتین نہ صرف خود سناٹے میں ہیں،بلکہ دوسرے بھی انھیں ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں کہ ان کی عدم تحقیق کی وجہ سے غیر حقدار تک مدد پہنچ گئی۔یہاں میں گزارش کرنا چاہتا ہوں کہ اس واقعہ سے جو نقصان ہوا ہے، اسے ویسا نہ سمجھا جائے جیسا جلد بازی میں سمجھا جا رہا ہے۔اگر کسی نے ہمدردی میں آواز اٹھائی یا مدد کی تو ان کی مدد ضائع نہیں گئی۔نہ اس سلسلے میں خود کو یا دوسروں کو بہت زیادہ معتوب ٹھہرانے کی ضرورت ہے، نہ آئندہ کسی کی مدد کرنے کے انسانی اور اخلاقی کام سے رک جانے کا اعلان کرنے کی ضرورت ہے۔ ہاں البتہ آئندہ تحقیق کا معاملہ زیادہ گہرا اور مضبوط کرنے کی ضرورت ضرور ہے۔ دینے والوں کو نہیں یہاں لینے والوں کو عبرت پکڑنے کی ضرورت ہے کہ ان کا جھوٹ آج نہیں تو کل کھل ہی جاتا ہے اور پھر وہ بدنام ہوکے رہ جاتے ہیں، تاہم غلطی یا غلط فہمی سے اگر غیر مستحق کی بھی مدد کر دی جائے تو مددکرنے والوں کے اجر میں کوئی کمی نہیں ہوتی۔
رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا، ایک شخص رات کو صدقہ کرنے نکلا تو ایک زانیہ عورت کے ہاتھ پر صدقہ رکھ آیا ، صبح پتہ چلنے پر پریشان ہوا، اگلی رات نکلا تو ایک مالدار کو صدقہ دے آیا ، صبح کو بات ہونے لگی کہ رات کسی نے مالدار کو صدقہ دے دیا،وہ تیسری رات نکلا تو ایک چور کو صدقہ دے آیا ، صبح پھر بات پھیل گئی تو وہ سخت پریشان ہوا،اس پر رات کو خواب میں اسے بتایا گیا کہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں،تمھارا صدقہ اللہ کی راہ میں قبول ہوچکا۔ اور جہاں تک بات ہے ،غیرمستحق لوگوں تک امداد پہنچانے کی تو ہوسکتا ہے، زانیہ پیسہ آجانے سے اپنے پیشے سے توبہ کرلے، چور چوری سے باز آجائے اور مالدار حیاکرکے دوسروں کی مدد کرنا شروع کردے۔
سو دھچکا اپنی جگہ، لیکن نیکی کا سفر کبھی نہ روکئے، دوسروں کی مدد کرنا بہت بڑی نیکی ہے۔ جو مخلوق کے چہرے پر خوشی لاتی اور خالق کی خوشی کا باعث بنتی ہے ، اور کسی غلطی سے کوئی اجر بھی ضائع نہیں جاتا۔
تحریر: #یوسف_سراج