غلام بلال جاوید کو چیئرمین پشاور چیمبر لا اینڈ آرڈر اسٹینڈنگ کمیٹی منتخب پشاور (سید گوہر شاہ )
غلام بلال جاوید کو چیئرمین پشاور چیمبر لا اینڈ آرڈر اسٹینڈنگ کمیٹی منتخب
پشاور (سید گوہر شاہ )
۔غلام بلال جاوید، جو پشاور چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے بانی ممبر بھی ہیں، نے شہر میں امن و امان کی خراب صورتحال اور تاجروں کو درپیش بڑھتے ہوئے خطرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
تقرری کے بعد منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں غلام بلال جاوید نے پشاور میں بڑھتی ہوئی وارداتوں، بھتے کی کالز اور اغوا جیسے سنگین مسائل پر تاجروں کے تحفظات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پشاور میں کاروبار کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے اور تاجر برادری ہر روز بڑھتے ہوئے جرائم اور غیر یقینی کی فضا میں کام کر رہی ہے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ وہ ان تمام مسائل کو نہ صرف وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈہ پور کے سامنے رکھیں گے بلکہ آئی جی خیبر پختونخواہ کو بھی چیمبر مدعو کریں گے تاکہ تاجر برادری کے مسائل کا فوری حل نکالا جا سکے۔
غلام بلال جاوید نے مزید کہا کہ وہ ہر ماہ پولیس کے سینئر افسران کے ساتھ باقاعدہ اجلاس منعقد کریں گے، جس میں ایس ایس پی آپریشن، ایس پی سٹی اور ایس پی کینٹ کو مدعو کیا جائے گا تاکہ تاجر برادری اور پولیس ایک دوسرے کے ساتھ مل کر جرائم کے خلاف حکمت عملی ترتیب دے سکیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پشاور میں لا اینڈ آرڈر کو بہتر بنانا اور تاجروں کو تحفظ فراہم کرنا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاجر برادری کے ساتھ مضبوط تعلقات اور ان کی حفاظت کے لیے پولیس کے ساتھ قریبی روابط برقرار رکھنا ضروری ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ وہ ڈسٹرکٹ انتظامیہ کو بھی چیمبر میں مدعو کریں گے تاکہ انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مل کر پشاور کے کاروباری ماحول کو محفوظ بنانے میں کردار ادا کیا جا سکے۔ غلام بلال جاوید نے کہا کہ تاجر برادری پشاور کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور ان کے مسائل کو حل کرنے کے لیے انتظامیہ اور پولیس کو فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
آخر میں، انہوں نے پشاور چیمبر کے لیڈر اور سابق صوبائی وزیر ملک مہر الٰہی اور صدر پشاور چیمبر شکیل احمد صراف کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ان پر اعتماد کرتے ہوئے یہ اہم ذمہ داری سونپی۔