عمرکوٹ پیسوں کے تنازعے پر قتل ہونے والے ایکسائز انسپکٹر غضنفر کھوسہ کی نماز جنازہ، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی شرکت
عمرکوٹ پیسوں کے تنازعے پر قتل ہونے والے ایکسائز انسپکٹر غضنفر کھوسہ کی نماز جنازہ، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی شرکت
رپورٹ ڈاکٹر ایم لال واگھانی بیوروچیف عمرکوٹ
تفصیلات کے مطابق عمرکوٹ: گزشتہ روز پیسوں کے لین دین کے معاملے پر فائرنگ کے نتیجے میں قتل کیے گئے محکمہ ایکسائز کے انسپکٹر رئیس غضنفر المعروف مور کھوسہ ولد رئیس اللہ داد کھوسہ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں ضلع کونسل کے چیئرمین حاجی بقا پلی، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر سید نور علی شاہ، فقیر غلام محمد مہر،حاجی امید علی راہموں ، عبدالقادر سومرو،حاجی آچار کلانی، کھوسہ برادری کے معززین سمیت سیاسی، سماجی، کاروباری افراد اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مرحوم کی تدفین آبائی قبرستان بھنڈاری مقام عمرکوٹ میں کی گئی۔
دوسری جانب، مقتول رئیس غضنفر کھوسہ کے قتل کے الزام میں آنے والے شخص جمعوں راہموں کو عمرکوٹ پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ اس موقع پر راہموں برادری کے رہنما، حاجی امید علی راہموں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راہموں برادری اور کھوسہ برادری میں کسی بھی قسم کے تنازعہ سے بچنا چاہتے ہیں اس لیئے مرحوم کے لواحقین اور کھوسہ برادری کے ساتھ کھڑےہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ الزام کی زد میں آنے والے جمعوں راہموں کو پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے اور اب پولیس تحقیقات کرے گی کہ اصل معاملہ کیا ہے۔
تاحال، آخری اطلاعات کے مطابق، واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہوسکا ہے جبکہ رابطہ کرنے پر سٹی تھانہ کے ایس ایچ او عطا لغاری کا کہنا ہے کہ واقعہ بظاہر پیسوں کے تنازع کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، تاہم مزید تحقیقات کے بعد ہی مکمل حقائق سامنے آئیں گے۔
ایس ایچ او کا مزید کہنا تھا کہ مقتول کے ورثاء کی درخواست پر مقدمہ درج کیا جائے گا اور واقعے کے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے قانونی کارروائی کی جائے گی۔