*گورنر ہاؤس میوزیم کراچی میں سندھ گورنمنٹ پریس کے تاریخی ورثے کا خصوصی معائنہ*
*گورنر ہاؤس میوزیم کراچی میں سندھ گورنمنٹ پریس کے تاریخی ورثے کا خصوصی معائنہ*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) سندھ گورنمنٹ پریس، سینٹرلائزڈ پرنٹنگ اینڈ پبلشنگ، پرنٹنگ اینڈ اسٹیشنری ڈیپارٹمنٹ، حکومتِ سندھ اور نظامی ہیلتھ اینڈ ایجوکیشنل ویلفیئر آرگنائزیشن کے باہمی اشتراک سے گزشتہ روز گورنر ہاؤس میوزیم کراچی میں ایک پروقار اور معلوماتی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد سندھ کے تاریخی پرنٹنگ پریس کی قدیم مشینری اور نادر تاریخی اشیاء سے معزز مہمانوں کو روشناس کرانا تھا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر سید محبوب حسن نظامی، چیئرمین نظامی ہیلتھ اینڈ ایجوکیشنل ویلفیئر آرگنائزیشن تھے۔ اس موقع پر کنٹرولر سندھ گورنمنٹ پرنٹنگ پریس میوزیم کراچی، فہیم قریشی نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں میوزیم میں محفوظ حکومتِ سندھ کے قدیم و تاریخی پرنٹنگ پریس کی مشینری، آلات اور دیگر نادر اشیاء کا تفصیلی معائنہ کرواتے ہوئے ان کی تاریخی اہمیت سے آگاہ کیا۔ تقریب میں سینئر سماجی رہنما شہزاد یوسف پٹنی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے خصوصی شرکت کی۔ شرکاء میں پروفیسر سکندر شیروانی، ڈاکٹر مونا راجپوت (آغا خان ہسپتال)، راؤ محمد شفیق راجپوت (مرکزی سینئر وائس چیئرمین، راجپوت سپریم کونسل انٹرنیشنل)، محمد ریاضت الرحمن صدیقی (چیئرمین، ماں جی فاؤنڈیشن گلشنِ اقبال)، ایڈووکیٹ سید نجیب الدین بخاری، سید ابوالحسن نظامی (ایگزیکٹو بورڈ ممبر، نظامی آرگنائزیشن)، محمد خالد صدیقی (سماجی کارکن)، ایم یاسین راجپوت (ایس ڈی جیز ایمبیسیڈر، نظامی آرگنائزیشن)، یوتھ ایمبیسیڈرز ادا مہر، پنھنجو مہر، نرمل مہر اور نظامی ہیلتھ اینڈ ایجوکیشنل ویلفیئر آرگنائزیشن کے ایگزیکٹو بورڈ ممبران فتح مہر اور ثانیہ مہر شامل تھے۔ اس موقع پر سینئر سماجی رہنما شہزاد یوسف پٹنی نے تقریب کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے معلوماتی اور تاریخی اہمیت کے حامل پروگراموں کا تسلسل کے ساتھ انعقاد نہایت ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس میوزیم میں محفوظ حکومتِ سندھ کا تاریخی ورثہ ہماری علمی، تہذیبی اور صنعتی تاریخ کا اہم سرمایہ ہے، جس سے شہریوں بالخصوص نئی نسل کو آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ تاریخی ورثے کی حفاظت، اس کی تشہیر اور نئی نسل تک اس کی معلومات کی منتقلی کے لیے سرکاری اداروں، سماجی تنظیموں اور علمی و ادبی حلقوں کو مشترکہ کاوشیں جاری رکھنی چاہئیں تاکہ ہماری تاریخ اور قومی اثاثے آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ رہ سکیں۔