عمرکوٹ: ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن فورم کا اہم اجلاس، قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمتِ عملی مرتب کرنے پر زور
عمرکوٹ رپورٹ بیوروچیف ڈاکٹر ایم لال واگھانی
عمرکوٹ: ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن فورم کا اہم اجلاس، قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمتِ عملی مرتب کرنے پر زور
تفصیلات کے مطابق ضلع عمرکوٹ میں قدرتی آفات، موسمیاتی تبدیلیوں، سیلاب، بارشوں، خشک سالی اور دیگر ہنگامی صورتحال کے ممکنہ خطرات کو کم کرنے اور ضلع میں ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن فورم (DRRF) کا اہم اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون عمرکوٹ جاوید احمد ڈاھری کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس عمرکوٹ کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا، اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عمرکوٹ نور محمد شیخ، محکمہ صحت کے ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد علی، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر عمرکوٹ محمد اسلم بھٹی، محکمہ تعلیم کے ٹی او رانو مل، محکمہ لوکل گورنمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر ھریش چندر، مختلف سرکاری اداروں اور ضلع میں کام کرنے والی مختلف سماجی و فلاحی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی، اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون جاوید احمد ڈاھری نے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات اور ہنگامی صورتحال کے اثرات کو کم کرنے کے لیے پیشگی منصوبہ بندی اور اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ انتہائی ضروری ہے، انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے شعبوں سے متعلق خطرات، دستیاب وسائل، کمزور علاقوں اور ہنگامی صورتحال میں درکار ضروریات کی مکمل معلومات مرتب کریں تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں فوری اور مربوط اقدامات کیے جا سکیں، اجلاس میں شریک مختلف محکموں اور سماجی تنظیموں کے نمائندگان نے اپنی تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضلع عمرکوٹ میں ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن کے حوالے سے ایک جامع اور تفصیلی رپورٹ تیار کی جانی چاہیے، جس میں ضلع کو درپیش تمام ممکنہ خطرات، حساس اور کمزور علاقوں، آبادی، بنیادی سہولیات، صحت، تعلیم، پانی، نکاسی آب، زراعت، مویشیوں اور دیگر شعبوں کو لاحق خطرات، دستیاب وسائل اور ہنگامی صورتحال میں اداروں کی ذمہ داریوں کو واضح کیا جائے، شرکاء نے مزید تجویز دی کہ رپورٹ میں تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر خطرات کی نشاندہی، Vulnerability Assessment، Risk Mapping، دستیاب مشینری و وسائل، ریسکیو اور امدادی اداروں کی صلاحیت، محفوظ مقامات، ایمرجنسی رابطہ نمبرز اور مختلف محکموں کے فوکل پرسنز کی تفصیلات بھی شامل کی جائیں، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی ممکن ہو، اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن کے حوالے سے کمیونٹی کی سطح پر آگاہی، تربیتی پروگرامز، فرضی مشقیں (Mock Drills)، ابتدائی وارننگ سسٹم اور عوامی شعور اجاگر کرنے کی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے، اس سلسلے میں سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ سماجی تنظیموں اور میڈیا کے کردار کو بھی اہم قرار دیا گیا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون جاوید احمد ڈاھری نے شرکاء کی تجاویز کو سراہتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے شعبوں سے متعلق معلومات اور تجاویز فراہم کریں تاکہ ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن فورم کی جامع رپورٹ مرتب کرکے آئندہ کے لیے مؤثر ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور رسک ریڈکشن پلان تیار کیا جا سکے۔ اجلاس میں رورل ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن (RDF) کی پروجیکٹ مینیجر میڈم نادیہ نے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن فورم کے اغراض و مقاصد، ضلع عمرکوٹ کو درپیش ممکنہ قدرتی خطرات کی نشاندہی، رسک اسیسمنٹ، ہنگامی حالات میں اداروں کے باہمی تعاون اور آفات سے قبل تیاری کے حوالے سے ایک تفصیلی بریفنگ دی، انہوں نے بتایا کہ ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن کے مؤثر نظام کے لیے ضروری ہے کہ تمام متعلقہ سرکاری محکمے، مقامی حکومتیں، سماجی تنظیمیں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز باہمی رابطے اور تعاون کے ذریعے کام کریں، انہوں نے ضلع میں موجود ممکنہ خطرات کی نشاندہی، دستیاب وسائل، ہنگامی ردعمل کی صلاحیت اور متاثرہ علاقوں تک بروقت امداد پہنچانے کے طریقہ کار پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی اور کہا کہ ہم ضلع عمرکوٹ کے تحصیل کنری کی یونین کونسل مائی بختاور بھٹو میں کام کر رہے ہیں اور ان یوسی کے پانچ گاؤں میں لوگوں کو ڈی آر آر ایف کی کٹ دی گئی ہے، اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نور محمد شیخ تمام سماجی تنظیموں کو پابند کیا کہ فائر فائٹرز کے حوالے تربیت کروائی جائے اور جن سماجی تنظیموں کے پاس فائر فائٹرز کے حوالے سے ضروری آلات موجود ہیں تو ان کی لسٹ ڈزاسٹر رسک ریڈکشن فورم کو دی جانے۔ اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ضلع عمرکوٹ میں قدرتی آفات کے خطرات کو کم کرنے، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے، تعاون اور مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔