سکھر پولیس کا سماجی برائیوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 11 ملزمان گرفتار
جوا اڈوں پر چھاپے، 19 ہزار روپے نقدی، آکڑا پرچیاں، تاش کے پتے اور دیگر سامان برآمد، 1100 گرام چرس بھی قبضے میں لے لی گئی، مقدمات درج
سکھر(بیورورپورٹ)سکھر پولیس کی جانب سے سماجی برائیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، مختلف تھانوں کی حدود میں پولیس نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ کارروائیوں کے دوران جوا کھیلنے کے لیے استعمال ہونے والا سامان، آکڑا پرچیاں، تاش کے پتے، نقد رقم اور 1100 گرام چرس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت مقدمات درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔پولیس کے مطابق ڈی ایس پی سائٹ ایریا نسیم بھٹو کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ آباد نے مخفی اطلاع پر حدود میں کارروائی کرتے ہوئے جوا اڈے پر چھاپہ مارا، جہاں سے 7 جواری ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے تاش کے پتے، جوا کی دیگر اقسام کے گیمز اور 19 ہزار روپے نقد رقم برآمد ہوئی۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں فرحان ابڑو، زوہیب سولنگی، مرید علی عمرانی، مولا بخش عمرانی، مراد سولنگی، منور عمرانی اور عامر بخش عمرانی شامل ہیں۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف جوا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ مقدمے کا نمبر CR No. 188/2026 U/S 5-A Gambling Act، تھانہ آباد درج کیا گیا ہے۔دوسری کارروائی میں ایس ایچ او تھانہ باگھڑجی نے اپنی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش ملزم رحمت اللہ لغاری کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے 1100 گرام چرس برآمد ہوئی، جس کے بعد ملزم کے خلاف منشیات کے قانون کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمے کا نمبر CR No. 17/2026 U/S 9(I)3C SCNS، تھانہ باگھڑجی بتایا گیا ہے۔اسی طرح ایس ایچ او تھانہ نیوپنڈ نے بھی مخفی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے جوا اڈے پر چھاپہ مارا اور 3 جواری ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے آکڑا پرچی بکس، جوا کی دیگر اقسام کے گیمز اور نقد رقم برآمد کی گئی۔گرفتار ملزمان میں عابد حسین جاگیرانی، اصغر میرانی اور موندل شر شامل ہیں۔ پولیس نے تینوں ملزمان کے خلاف جوا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے، جس کا نمبر CR No. 133/2026 U/S 6 Gambling Act، تھانہ نیوپنڈ ہے۔سکھر پولیس کے مطابق سماجی برائیوں، منشیات اور جوئے کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی، جبکہ ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ایس ایس پی سکھر اظہر خان نے پولیس پارٹیوں کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے افسران و اہلکاروں کو شاباش دی اور سماجی برائیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔









