خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) کمشنر سرگودھا
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری اور ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابڑ کے ہمراہ دریائے جہلم کے لنگر والا مقام کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیلابی صورتحال، حفاظتی انتظامات اور قائم کیے گئے فلڈ آگاہی کیمپ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال شمس الدین خان سمیت انہار، ہائی ویز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ کمشنر کو دریائے جہلم میں پانی کے بہاؤ، حفاظتی پشتوں، سڑکوں، پلوں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے پیشگی انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔محکمہ انہار کے افسران نے حفاظتی پشتوں کی موجودہ صورتحال، دریا میں پانی کے بہاؤ اور حفاظتی اقدامات سے آگاہ کیا، جبکہ محکمہ ہائی ویز کے افسران نے سڑکوں، پلوں اور مواصلاتی رابطوں کے حوالے سے کیے گئے انتظامات پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ موجودہ صورتحال کے مطابق دریائے جہلم میں سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں، تاہم تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ دریائے جہلم کے دونوں اطراف واقع آبادیوں کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنایا جائے، حفاظتی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ محکمے ہمہ وقت تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، اس لیے کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہیں بتایا گیا کہ لنگر والا کا مقام ضلع سرگودھا اور ضلع خوشاب کی حدود پر واقع ہے، جہاں دونوں ضلعی انتظامیہ مشترکہ طور پر سیلابی صورتحال کی مانیٹرنگ کر رہی ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کی صورت میں بروقت اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔