13

ثناء اللہ بلوچ کی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے ملاقات۔

ثناء اللہ بلوچ کی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے ملاقات۔

اس موقع پر بلوچستان کی ترقی اور عوامی فلاح کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد(نمائندہ کنول رباب)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما، سابق سینیٹر اور سابق رکن قومی اسمبلی ثناء اللہ بلوچ نے اسلام آباد میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بلوچستان کی مجموعی سیاسی صورتحال، ترقیاتی ترجیحات اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے بلوچستان کو درپیش چیلنجز، صوبے کی سماجی و اقتصادی ترقی، سیاسی استحکام اور عوامی مسائل کے حل کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔ اس موقع پر اس امر پر زور دیا گیا کہ بلوچستان کی پائیدار ترقی، خوشحالی اور امن کے لیے تمام متعلقہ حلقوں کو مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا اہم ترین صوبہ ہے جس کی ترقی اور استحکام قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل، روزگار کے مواقع کی فراہمی، تعلیم، صحت اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے اجتماعی اور مخلصانہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے عوام کے مسائل کو ہر فورم پر موثر انداز میں اجاگر کیا جاتا رہے گا۔ثناء اللہ بلوچ نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی بلوچستان کے عوام کے لیے خدمات اور پارلیمانی فورمز پر صوبے کے مسائل کو اجاگر کرنے کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی، سیاسی ہم آہنگی اور عوامی فلاح کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ صوبے کے عوام کی توقعات پر پورا اترا جا سکے۔ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ جمہوری اقدار کے فروغ، قومی یکجہتی کے استحکام اور مساوی ترقی کے ذریعے بلوچستان کو درپیش چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے بلوچستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں