7

سکھر میں 5 محرم الحرام کا قدیم ماتمی جلوس لال مکان سے برآمد، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

سکھر میں 5 محرم الحرام کا قدیم ماتمی جلوس لال مکان سے برآمد، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

سکھر(بیورورپورٹ)سکھر 5 محرم الحرام کے موقع پر قدیم تاریخی ماتمی جلوس پرانا سکھر کے علاقے لال مکان سے برآمد ہوا، جس میں عزادارانِ امام حسینؑ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جلوس اپنے روایتی راستوں رائل روڈ، شاہی بازار اور میر کی گھٹی سے ہوتا ہوا رات گئے ڈتل شاہ قبرستان پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ماتمی جلوس میں تعزیہ، ذوالجناح اور علمِ مبارک شامل ہیں، جبکہ جلوس کے راستوں پر مختلف تنظیموں اور مخیر حضرات کی جانب سے عزاداروں کے لیے سبیلوں اور لنگرِ نیاز کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ جلوس کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سخت نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔اس موقع پر اظہر خان نے اے ایس پی سٹی کیپٹن (ر) محمد صہیب امین کے ہمراہ قدیمی ماتمی جلوس کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ایس ایس پی سکھر نے جلوس کی گزرگاہوں، داخلی و خارجی راستوں اور مختلف سیکیورٹی پوائنٹس کا معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے پرانا سکھر میں قائم سی سی ٹی وی کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود افسران کو نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔ایس ایس پی اظہر خان نے ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ جلوس کے تمام مراحل کے دوران مکمل چوکس رہتے ہوئے پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو احسن انداز میں انجام دیا جائے تاکہ عزاداران کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق محرم الحرام کے دوران سکھر بھر میں سیکیورٹی پلان پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے، جبکہ جلوسوں اور مجالس کی مسلسل نگرانی جدید کیمروں اور کنٹرول روم کے ذریعے کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں