ٹھٹھ
رپوٹ عبدالعزیز شیخ
سونڈا کے قریب گاؤں بیر ماچھی میں ماچھی برادری کی جانب سے ٹھٹھہ ـ حیدرآباد قومی شاہراہ پر دھرنا دے کر سڑک تقریباً 9 گھنٹے تک بند رکھی گئی، جس کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت شدید متاثر رہی۔ تفصیلات کے مطابق ماچھی برادری کا الزام ہے کہ جھرک پولیس رات کے گشت کے دوران ہاشم ولد جمن ماچھی کو اپنے ساتھ لے گئی، جس کے خلاف ورثا اور گاؤں والوں نے احتجاج کرتے ہوئے قومی شاہراہ بلاک کر دی۔ مظاہرین کا مؤقف تھا کہ ان کا نوجوان بے گناہ ہے اور جب تک اسے رہا نہیں کیا جاتا، دھرنا جاری رکھا جائے گا۔ دھرنے کے مقام پر پہنچنے والے ڈی ایس پی واجد تھہیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جھرک تھانے کی حدود میں رات گئے ڈکیتی کی واردات پیش آئی، جس دوران سڑک سے گزرنے والی گاڑیوں کو لوٹا گیا اور فائرنگ بھی کی گئی۔ اطلاع ملنے پر جھرک پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جائے وقوعہ کے قریب سے ہاشم عرف پوڑھو سولنگی اور ایک اور ملزم چھتو چنڈ ولد نیاز ملاح کو گرفتار کر لیا، جبکہ پانچ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی تلاش جاری ہے۔پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث 7 افراد کے خلاف جھرک تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ بعد ازاں ڈی ایس پی واجد تھہیم نے گاؤں والوں سے مذاکرات کر کے صورتحال کو پرامن بنایا، جس کے بعد تقریباً 10 گھنٹے بعد دھرنا ختم کر دیا گیا اور قومی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔