قصور ایل پی جی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، فی کلو 650 روپے تک فروخت، غریب عوام لکڑیاں جلانے پر مجبور
قصور
ایل پی جی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، فی کلو 650 روپے تک فروخت، غریب عوام لکڑیاں جلانے پر مجبور
عوامی احتجاج اور شکایات کے باوجود ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی نہ آسکی، غریب گھرانوں اور چھوٹے کاروباری افراد کی مشکلات میں اضافہ، حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ
ایل پی جی (LPG) کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ عوامی چیخ و پکار اور شکایات کے باوجود ایل پی جی بعض مقامات پر 650 روپے فی کلو تک فروخت ہونے کی اطلاعات ہیں، جس کے باعث گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ چھوٹے کاروبار کرنے والے افراد بھی شدید پریشانی کا شکار ہیں
مہنگی ایل پی جی کے باعث کئی غریب گھرانوں کے لیے روزمرہ کھانا پکانا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ گھریلو اخراجات پورے کرنے میں پہلے ہی مشکلات کا سامنا کرنے والے شہری اب گیس کے بجائے لکڑی استعمال کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں
دوسری جانب ریڑھیوں اور چھوٹے ہوٹلوں پر پکوڑے، سموسے اور دیگر اشیائے خورونوش فروخت کرنے والے محنت کش بھی ایل پی جی کی بڑھتی قیمتوں سے متاثر ہو رہے ہیں
چھوٹے کاروباری افراد کا کہنا ہے کہ مہنگی گیس استعمال کرنے سے ان کے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے، جبکہ اشیائے خورونوش کی قیمتیں بڑھانے سے گاہکوں کی تعداد متاثر ہوئی ہے، یہی وجہ ہے کہ بعض چھوٹے دکاندار اور ریڑھی بان ایل پی جی چھوڑ کر لکڑی پر کھانا پکانے کو ترجیح دینے لگے ہیں
شہریوں کا کہنا ہے کہ ایل پی جی جیسی بنیادی ضرورت کی قیمت عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہے اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو غریب طبقے کے لئے گھریلو ضروریات پوری کرنا مذید دشوار ہو جائے گا
عوامی حلقوں نے حکومت، متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور اوگرا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا فوری نوٹس لیا جائے، مارکیٹ میں فروخت ہونے والی گیس کی قیمتوں کی جانچ پڑتال کی جائے، سرکاری نرخوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ غریب عوام اور چھوٹے کاروباری طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ایل پی جی کی قیمتوں میں مناسب کمی اور مؤثر نگرانی کا نظام متعارف کرایا جائے تاکہ محنت کش طبقہ باعزت طریقے سے اپنے گھر کا چولہا جلا سکے
رپورٹ غنی محمود قصوری
ڈویژنل بیورو چیف باغی ٹی وی
بیورو چیف دعا نیوز
کونسل ممبر ڈسٹرکٹ پریس کلب قصور
ممبر اتحاد میڈیا کونسل پاکستان
#قصوریات