محکمہ ایکسائز خیبر پختونخوا اور آر ایم آئی کے درمیان مفاہمتی یادداشت کی تقریب۔
محکمہ ایکسائز خیبر پختونخوا اور آر ایم آئی کے درمیان مفاہمتی یادداشت کی تقریب۔
ایکسائز ملازمین، افسران اور اہلکاروں کو طبی سہولیات اور علاج معالجے میں خصوصی رعایت حاصل ہوگی۔
پشاور(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول خیبر پختونخوا اور رَحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ (RMI) کے درمیان ایک اہم مفاہمتی یادداشت (MOU) پر دستخط کی تقریب پشاور میں منعقد ہوئی۔تقریب میں ڈائریکٹر جنرل ایکسائز خیبر پختونخوا عبدالحلیم خان نے محکمہ ایکسائز کی جانب سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ اس موقع پر آر ایم آئی کے نمائندگان کے علاوہ سید الامین ڈائریکٹر پشاور ریجن، ڈاکٹر زاہد اقبال خان ای ٹی او تھری آفس اور شبیر خان اے ای ٹی سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔مفاہمتی یادداشت کا بنیادی مقصد محکمہ ایکسائز خیبر پختونخوا کے ملازمین اور انکے فیملیز کو معیاری اور جدید طبی سہولیات تک بہتر اور رعایتی رسائی فراہم کرنا ہے۔ایم او یو کے تحت آر ایم آئی کی جانب سے محکمہ ایکسائز کے ملازمین، افسران و اہلکاروں اور انکی فیملیز کو مقررہ فیسز میں 20 فیصد خصوصی رعایت فراہم کی جائے گی، جس میں مختلف طبی و تشخیصی سہولیات او پی ڈی (OPD)، لیبارٹری اور تشخیصی ٹیسٹ، آئی سی یو (ICU)، مختلف طبی معائنے اور علاج معالجے کی سہولیات شامل ہیں، اس کے علاوہ ادویات پر بھی 10 فیصد رعایت فراہم کی جائے گی۔یہ سہولت محکمہ ایکسائز کے ملازمین اور ان کے اہلکاروں کے لیے صحت کے حوالے سے ایک اہم فلاحی اقدام ہے، جس سے انہیں معیاری طبی خدمات کم اخراجات میں حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔آر ایم آئی کے ساتھ یہ مفاہمتی یادداشت ملازمین کو معیاری صحت کی سہولیات تک آسان رسائی، علاج کے اخراجات میں کمی اور جدید طبی و تشخیصی خدمات سے استفادہ کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔اس کے علاوہ مستقبل میں ملازمین کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید شعبہ جات اور خدمات کو بھی رعایتی سہولیات میں شامل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔