نوشہرہ (راجہ نورالٰہی عاطف سے) گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول نوشہرہ میں محفلِ عید میلاد النبی ﷺ نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی۔ محفل کا آغاز
نوشہرہ (راجہ نورالٰہی عاطف سے) گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول نوشہرہ میں محفلِ عید میلاد النبی ﷺ نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی۔ محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ طلبہ نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نعتیہ کلام پیش کیا۔
محفل میں ہیڈ ماسٹر سر محمد عدنان، ہمایوں اقبال، علامہ محمد عامر، استاد الاساتذہ عبدالغنی، سابق ڈسٹرکٹ ٹیچرز ایجوکیٹر محمد عثمان غازی، فیاض احمد اور دیگر اساتذہ نے شرکت کی۔ مقررین نے سیرتِ طیبہ ﷺ، درود و سلام کی فضیلت، حسنِ اخلاق، اخوت، رواداری اور اسوۂ حسنہ کو عملی زندگی میں اپنانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر طلبہ نے 25 لاکھ مرتبہ درودِ شریف پڑھ کر ہدیۂ عقیدت پیش کیا۔ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات، اعزازی شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے، جبکہ نہم و دہم کے سالانہ امتحانات میں 100 فیصد رزلٹ دینے والے اساتذہ کو بھی تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔
محفل کے انتظامات میں سر محمد بلال حیدر، سر محمد عدنان اور دیگر اساتذہ نے خصوصی تعاون کیا۔ مقررین نے کہا کہ ایسی بابرکت محافل طلبہ کے دلوں میں محبتِ رسول ﷺ، اسلامی اقدار اور حسنِ کردار کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔