پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر حیدر اسٹیڈیم بہاولنگر میں موک ایکسرسائز ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی قیادت میں کامیاب مشق، عوام سے فیک نیوز سے اجتناب کی اپیل
10 مئی 2025
بہاولنگر () موجودہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں ضلع بہاولنگر کی انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے حیدر اسٹیڈیم میں ایک جامع موک ایکسرسائز (فرضی مشق) کا انعقاد کیا گیا۔ مشق کی نگرانی ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے خود کی، جنہوں نے موقع پر جا کر تمام مراحل کا بغور جائزہ لیا۔
اس مشق میں ریسکیو 1122، محکمہ صحت، پولیس، سول ڈیفنس، میونسپل کمیٹی، محکمہ تعلیم اور دیگر متعلقہ اداروں کی ٹیموں نے بھرپور شرکت کی اور فرضی ہنگامی حالات میں عوام کے انخلا، ابتدائی طبی امداد، ہنگامی رسپانس اور بین المحکماتی رابطہ کاری کے عمل کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔
ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے تمام اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کے پیشہ ورانہ جذبے اور تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی صورتحال کے پیش نظر ایسی مشقیں وقت کی اہم ضرورت ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اور مربوط ردعمل ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے افسران اور عملے کو شاباش دیتے ہوئے مستقبل میں بھی اسی طرح کے تعاون اور تیاری کی ہدایت کی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر، ضلعی افسران، صحافیوں اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے مشق کو سراہا اور انتظامیہ کے اقدامات کو خوش آئند قرار دیا۔
ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے میڈیا نمائندگان اور شہریوں سے اپیل کی کہ موجودہ حالات میں سوشل میڈیا پر فیک نیوز اور جھوٹی ویڈیوز کے پھیلاؤ سے گریز کریں، کیونکہ اس سے نہ صرف عوام میں بے چینی پیدا ہوتی ہے بلکہ قومی سلامتی پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام صرف مصدقہ ذرائع سے معلومات حاصل کریں اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔