9

*اگلے لیول کیلئے بھی تیار، بڑی جنگ ہوئی تو پھر اس خطے تک محدود نہیں رہے گی، خواجہ آصف

*اگلے لیول کیلئے بھی تیار، بڑی جنگ ہوئی تو پھر اس خطے تک محدود نہیں رہے گی، خواجہ آصف*

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کی بقا کے لیے بھارت کو جواب دینا بہت ضروری تھا، بھارت کو جواب ملنے کے بعد ان کے لیے صلح کی طرف آنا مشکل ہوگیا، بھارت معاملے کو طول دے گا تو اس کا مزید نقصان ہوگا، اگلے لیول کے لیے بھی تیار ہیں، بڑی جنگ ہوئی تو پھر اس خطے تک محدود نہیں رہے گی۔

’جیو نیوز‘ سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت نے 4 ، 5 دن سے تماشہ لگایا ہوا تھا، بھارت کو کہتے رہے کہ ہمیں دیوار سے نہ لگائیں، مودی تحقیقات کی بات نہیں سننا چاہتا تھا، انہیں پتا لگنا چاہیے پاکستان یہ سب برداشت نہیں کرے گا، خدانخواستہ ایٹمی جنگ کی صورت حال پیش آئی تو تماش بین بھی لپیٹ میں آئیں گے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ امریکا سے بھی کہا تھا پہلگام واقعے کی تحقیقات کرالیں، پاکستان نے جواب تو دینا تھا، پہلگام واقعے کی تحقیقات سے بھارت انکاری ہے، بھارت کو کاری ضرب لگائی ہے، تیاری کررکھی تھی جواب دیا اور کامیابی ملی، گجرات سے پنجاب تک بھارتی ایئر فیلڈز تباہ کر دیں، پاکستان کے پاس کوئی اور آپشن نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو ایسا جواب دیا کہ 3، 4 دن کا سارا قرض پورا ہوگیا، بھارت معاملے کو طول دے گا تو اس کا نقصان ہوگا، پاک فوج کے تمام اثاثے محفوظ ہیں، بھارتی جارحیت کے بعد پاکستان عوام کی جانب سے دباؤ بڑھ رہا تھا، اس لیے جوابی کارروائی ناگزیر تھی۔

وزیر دفاع نے کہا کہ نور خان ایئربیس پر ایک گاڑی کو نقصان پہنچا، اس کے علاوہ کوئی نقصان نہیں ہوا، بھارت کی جانب سے امن کی بات جیو نیوز پر سنی ہے، ہم اس پر محتاط ہیں، تاہم عالمی قوتیں مداخلت کرتی ہیں تو ہم اس کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا کوئی اجلاس نہیں بلایا، صبح ایک ہائی لیول میٹنگ ہوئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں