*نیشنل ایگریکلچرل ایجوکیشن ایکریڈیشن کاؤنسل کے چھ رکنی وفد کا دورہ*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) نیشنل ایگریکلچرل ایجوکیشن ایکریڈیشن کاؤنسل کے چھ رکنی وفد نے گزشتہ روز جامعہ کراچی کا دورہ کیا۔ وفد کی سربراہی سیکریٹری نیشنل ایگریکلچرل ایجوکیشن ایکریڈیشن کاؤنسل ڈاکٹر عبدالغفار اور ڈپٹی ڈائریکٹر پروگرامز عبداللہ نے کی جبکہ وفد کے دیگر اراکین میں مختلف جامعات کے ماہرین تعلیم، جن میں پروفیسر ڈاکٹر حبیب اللہ مگسی، چیئرمین، ڈیپارٹمنٹ آف ایگریکلچرل اکنامکس، سندھ ایگریکلچرل یونیورسٹی، ٹنڈوجام (ایگری بزنس مینجمنٹ)، پروفیسر ڈاکٹر صغیر احمد شیخ، ڈیپارٹمنٹ آف اپلائیڈ سائنسز، ہمدرد یونیورسٹی، کراچی (فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی)، پروفیسر ڈاکٹر امتیاز احمد نظامانی، چیئرمین، ڈیپارٹمنٹ آف پلانٹ پروٹیکشن، سندھ ایگریکلچر یونیورسٹی، ٹنڈوجام (پلانٹ پروٹیکشن) اور ڈاکٹر نوید منصوری، ایسوسی ایٹ پروفیسر، ڈیپارٹمنٹ آف کمیونٹی ہیلتھ سائنسز، ہمدرد یونیورسٹی، کراچی (ہیومن نیوٹریشن اینڈ ڈائیٹیٹکس) شامل تھے۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے جامعہ کراچی کے تدریسی و تحقیقی معیار، پالیسیوں، اور انتظامی استقامت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ جامعہ میں انڈسٹریل ایڈوائزری بورڈز کا مختلف متعلقہ شعبہ جات میں قیام عمل میں آچکا ہے اور پروفیسر آف پریکٹس کے تصور کو عملی شکل دینے کیلئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی پالیسی سے رہنمائی حاصل کی جارہی ہے۔ اس موقع پر رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عمران احمد صدیقی، رئیس کلیہ علوم پروفیسر ڈاکٹر مسرت جہاں یوسف اور متعلقہ شعبہ جات کے صدور اور فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔ وفد نے جامعہ کراچی کی جانب سے کی جانے والی عملی پیش رفت اور قیادت کے وژن کو سراہا اور کہا کہ جامعہ کا انتظامی تسلسل، تدریسی معیار اور پالیسی سازی ایک مثالی لیڈر شپ کی غمازی کرتا ہے۔ بعدازاں وفد نے جامعہ کراچی کے پولٹری سائنس، ایگری بزنس مینجمنٹ، پلانٹ پروٹیکشن، فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور ہیومن نیوٹریشن اینڈ ڈائیٹیٹکس ڈگری پروگرام کی ایکریڈیشن کے سلسلے میں شعبہ فزیالوجی، فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور شعبہ ایگری کلچر اینڈ ایگری بزنس مینجمنٹ کا دورہ کیا جس کا مقصدان پروگرام کی ایکریڈیشن کرنا ہے۔ وفد نے جامعہ کراچی کے تمام متعلقہ شعبہ جات کا دورہ کیا اور جامعہ کے تدریسی و تحقیقی انفراسٹرکچر، فیکلٹی پروفائلز، لیب سہولیات، اور طلبہ کی کارکردگی کا جائزہ لے کر اطمینان کا اظہار کیا۔ وفد نے جامعہ کراچی کی انتظامیہ اور کوالٹی انہانسمنٹ سیل (کیو ای سی) کی جانب سے معیارِ تعلیم کے فروغ کیلئے کیے گئے اقدامات اور انسٹیٹیوشنل کوالٹی سرکل کے قیام کی بھرپور تعریف کی اور اسے ملک کی دیگر جامعات کیلئے ایک رہنما ماڈل قرار دیا۔