ٹوبہ ٹیک سنگھ افضل کھیتران ڈسٹرکٹ بیورو چیف ٹوبہ ٹیک سنگھ چیئرمین ینگ جرنلسٹ پریس کلب کمالیہ
**ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر ریسکیو 1122کے زیر اہتمام جامع مساجد اور مدارس میں حفاظتی آگاہی، ہنگامی منصوبہ بندی اور احتیاطی تدابیر کے حوالہ سے ٹریننگ **
حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق اور موجودہ ملکی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر میاں فراز منیر کی زیرقیادت ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ اور اس کی تمام تحصیلوں میں ریسکیو 1122 کے افسران نے جامع مساجد میں خصوصی حفاظتی آگاہی مہم چلائی۔ اس مہم کا بنیادی مقصد نمازیوں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے درکار احتیاطی تدابیر اور انخلا کی منصوبہ بندی سے آگاہ کرنا تھا۔
ریسکیو افسران اور کمیونٹی سیفٹی ونگ نے تمام بڑی مساجد میں جمعہ کے خطبات کے دوران خصوصی طور پر ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے جامع ہدایات جاری کیں۔ ان ہدایات میں مساجد میں محفوظ انخلا کے راستوں کی نشاندہی، معذور افراد کے لیے خصوصی انتظامات، اور ہنگامی حالات میں پرسکون رہنے کی تربیت شامل تھی۔ خصوصی طور پر یہ واضح کیا گیا کہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں نمازیوں کو مسجد کے مخصوص ایگزٹ پوائنٹس کے ذریعے منظم طریقے سے باہر نکالا جائے گا۔
ان ٹریننگ کے تحت نہ صرف نظریاتی ہدایات دی گئیں بلکہ عملی مشقوں کے ذریعے بھی نمازیوں کو تربیت دی گئی۔ مسجد کے اندر اور باہر ہنگامی انخلا کی لائیو ڈرل کروائی گئی، جس میں شرکاء نے عملی طور پر محفوظ راستوں سے باہر نکلنے کا طریقہ سیکھا۔ ریسکیو ٹیموں نے فرسٹ ایڈ کی بنیادی تربیت بھی فراہم کی، جس میں زخمیوں کو محفوظ طریقے سے اٹھانے اور ابتدائی طبی امداد دینے کے طریقے شامل تھے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر میاں فراز منیر نے اس موقع پر زور دیا کہ “حالیہ صورتحال میں عوامی بیداری انتہائی اہم ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ ہر شہری کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کی مکمل تربیت دی جائے۔” انہوں نے مزید کہا کہ “مساجد میں یہ تربیت خاص طور پر اہم ہے کیونکہ یہاں بڑی تعداد میں افراد جمع ہوتے ہیں۔”
مزید کہا کہ یہ ٹریننگ صرف مساجد اور مدارس تک محدود نہیں رہے گی بلکہ آئندہ ضلع کے تمام اہم عوامی مقامات پر اسی طرح کی تربیتی سیشنز کا اہتمام کیا جائے گا اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی تربیتی سیشنز میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ہنگامی حالات کے لیے خود کو تیار کریں۔